وزیر اعظم آزاد کشمیر کا دورہ راولاکوٹ: پولیس کے لیے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ کا اعلان

راولاکوٹ : وزیر اعظم آزاد حکومت جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان اور انسپکٹر جنرل پولیس کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک کے ہمراہ راولاکوٹ کا اہم دورہ کیا ہے۔

راولاکوٹ آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے وزیر اعظم کو سلامی پیش کی۔ دورے کے آغاز پر اعلیٰ حکام کی جانب سے وزیر اعظم آزاد کشمیر کو علاقے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں شہریوں کے تحفظ اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کا ایک روزہ دورہ راولاکوٹ، امن و امان پر اجلاس

پولیس دربار اور اضافی تنخواہ کا اعلان:

بریفنگ کے بعد وزیر اعظم افتخار گیلانی نے پولیس دربار سے خصوصی خطاب کیا۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے پولیس جوانوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے آزاد کشمیر پولیس کے ملازمین کے لیے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا بڑا اعلان کیا، جس سے پولیس اہلکاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

سی ایم ایچ راولاکوٹ کا دورہ:

اپنے ایک روزہ مصروف دورے کے دوران وزیر اعظم آزاد کشمیر نے سی ایم ایچ (کمبائنڈ ملٹری ہسپتال) راولاکوٹ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو علاج معالجے کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات دیں۔