فٹبال ورلڈکپ جیتنے کے بعد جہاں اسپینش ٹیم کے کھلاڑیوں کو دنیا بھر سے مبارکباد اور روایتی انعامات مل رہے ہیں، وہیں ان کے آبائی علاقے سے ملنے والا ایک منفرد تحفہ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
اسپین کے دو فٹبالرز کو ان کے وزن کے برابر ٹماٹر بطور انعام دے دئیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:ناروے سے شکست پر برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمار نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
اسپین نے 19 جولائی کو فٹبال ورلڈکپ اپنے نام کیاجس کے بعد ٹیم کے کھلاڑیوں کی کامیابیوں کا جشن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں اسپین کے صوبے اشبیلیہ کے شہر نے اپنے مقامی ہیروز فیبان ریوز اور گاوی کو انوکھے انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
دونوں مڈفیلڈرز کو ورلڈکپ فتح میں کردار ادا کرنے پر ایسا انعام دیا گیا جو اپنی نوعیت میں منفرد تھا۔ تقریب کے دوران پہلے دونوں کھلاڑیوں کا وزن کیا گیا اور پھر ان کے وزن کے برابر تازہ ٹماٹر تول کر انہیں بطور تحفہ پیش کئے گئے۔
اسپین کے اس شہر میں منعقدہ تقریب کے دوران فیبان ریوز کا وزن 85 کلوگرام نکلاجس کے برابر انہیں 85 کلو ٹماٹر دئیے گئے جبکہ گاوی کو 68.5 کلوگرام ٹماٹر بطور انعام ملے۔ یہ تقریب شہر کے ٹاؤن ہال میں منعقد کی گئی۔
واضح رہے کہ Los Palacios y Villafranca کا علاقہ ٹماٹر کی پیداوار کے لیے مشہور ہے، اسی مناسبت سے انتظامیہ نے ورلڈکپ فاتح کھلاڑیوں کو روایتی انعام کے بجائے اپنے علاقے کی پہچان سے جڑا منفرد تحفہ دینے کا فیصلہ کیا۔
30 سالہ فیبان ریوز نے ورلڈکپ کے دوران اسپین کی نمائندگی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 366 منٹ میدان میں گزارے اور کوارٹر فائنل میں بیلجیئم کے خلاف ٹیم کی جانب سے پہلا گول بھی اسکور کیا۔
یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں شکست کے بعد لیونل میسی واپس کیوں نہ آئے؟
دوسری جانب 21 سالہ گاوی نے ٹورنامنٹ میں 85 منٹ کھیل پیش کیا۔
شہر کی انتظامیہ نے دونوں کھلاڑیوں کی خدمات کو یادگار بنانے کے لیے مزید اعلان کیا کہ وہاں کے دو فٹبال میدانوں کے نام فیبان ریوز اور گاوی کے نام پر رکھے جائیں گے۔




