فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں شکست کے بعد لیونل میسی واپس کیوں نہ آئے؟

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین کے ہاتھوں 0-1 سے شکست کے بعد ارجنٹینا کی قومی فٹبال ٹیم وطن واپس پہنچ گئی جہاں ہزاروں مداحوں نے سرد موسم اور بارش کے باوجود اپنے ہیروز کا شاندار استقبال کیا تاہم سب کی نظریں ایک ہی کھلاڑی کو تلاش کرتی رہیں اور وہ تھے لیونل میسی جو ٹیم کے ہمراہ ارجنٹینا واپس نہیں آئے۔

لیونل میسی کی عدم موجودگی نے شائقین میں کئی سوالات کو جنم دیا اور سوشل میڈیا پر ان کی وطن واپسی نہ ہونے کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں بھی سامنے آئیںتاہم اب اس حوالے سے مستند بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اسپین کی جیت کے بعد ہنگامہ آرائی، ارجنٹینا کے لیونڈرو پریڈیس نے ایرک گارسیا کا گلا دبا دیا

ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن (اے ایف اے) نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ قومی ٹیم کے تمام کھلاڑی ایک ہی پرواز کے ذریعے ارجنٹینا واپس نہیں آئیں گے۔ میسی بھی ان کھلاڑیوں میں شامل تھے جو ٹیم کے ہمراہ وطن واپس نہیں لوٹے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد لیونل میسی اور ان کے ساتھی کھلاڑی روڈریگو ڈی پال آرام کی غرض سے براہ راست میامی روانہ ہوگئے۔

دونوں کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کے طویل اور تھکا دینے والے شیڈول کے بعد آرام دیا گیا ہےجس کے باعث وہ ارجنٹینا واپس جانے والی ٹیم کا حصہ نہیں بنے۔

ذرائع کے مطابق وہ اپنے گھر پر کچھ وقت گزارنے کے بعد اپنے آبائی شہر روزاریو میں اپنے خاندان سے ملنے ارجنٹینا جائیں گے۔

ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ میسی کے علاوہ دیگر 9 کھلاڑی بھی ٹیم کے ساتھ واپس نہیں آئے اور وہ امریکی شہروں سے ہی اپنی چھٹیاں گزارنے یا اپنے کلبوں میں شامل ہونے کے لیے روانہ ہو گئے۔

39 سالہ لیونل میسی نے ورلڈ کپ فائنل میں شکست کے ایک روز بعد سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام بھی جاری کیا۔

برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق میسی نے اپنے پیغام میں لکھایہ زخم بھرنے میں وقت لگے گا تاہم انہوں نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ ارجنٹینا مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچا اور پوری قوم کو ایک بار پھر متحد کرنے میں کامیاب رہا۔

میسی نے اپنے پیغام میں اسپین کو فتح پر مبارک باد دیتے ہوئے ارجنٹائن کے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس ٹیم کا حصہ بننے پر ہمیشہ فخر محسوس کریں گے جس نے لاکھوں لوگوں کو خوشیاں دیں اور انہیں ایک دوسرے کے قریب لانے کا باعث بنی۔

یہ بھی پڑھیں:لیونل میسی کے ساتھ ٹب میں نہاتا یہ معصوم بچہ آج فٹبال کی دنیا کا سپر اسٹار لامین یمال ہے

دوسری جانب ارجنٹینا کی قومی ٹیم کے کوچ لیونل اسکیلونی اور دیگر کھلاڑیوں کا بیونس آئرس پہنچنے پر ریڈ کارپٹ بچھا کر استقبال کیا گیا جبکہ فوجی بینڈ نے بھی ان کے اعزاز میں خصوصی دھنیں پیش کیں۔

شائقین کی بڑی تعداد ارجنٹینا کے پرچم اٹھائے اور نیلے اور سفید رنگ کی چھتریاں تھامے بارش میں کھڑے اپنی ٹیم کے استقبال کے لیے موجود رہی۔ شکست کے باوجود شائقین نے اپنے کھلاڑیوں سے محبت کا بھرپور اظہار کیا۔