اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)چیئرمین کشمیر المسلمز ، جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے امور خارجہ کے نمائندہ نذیر احمد قریشی نے امیر العظیم کی رحلت پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ امیرالعظیم کی رحلت کی خبر انتہائی دکھ اور افسوس کے ساتھ موصول ہوئی۔
امیر العظیم کے انتقال سے تحریکِ اسلامی ایک نہایت مخلص، باکردار، باصلاحیت اور مدبر رہنما سے محروم ہوگئی ہے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی سربلندی، اقامتِ دین کے مقصد اور امتِ مسلمہ کی فکری و اخلاقی رہنمائی کے لیے وقف کیے رکھی۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم امیرالعظیم صاحبؒ کی جماعت اسلامی اور تحریکِ اسلامی کیلئے خدمات بے مثال ہیں۔ وہ ایک ایسے مربی، داعی اور منتظم تھے جنہوں نے اخلاص، استقامت، تحمل اور حکمت کے ساتھ کارکنان کی تربیت کی، دعوتِ دین کے پیغام کو عام کیا اور مشکل حالات میں بھی اپنے اصولی مؤقف پر ثابت قدم رہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی شخصیت علم، کردار، انکساری اور خدمتِ خلق کا حسین امتزاج تھی، جو ہمیشہ کارکنان اور نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم انتقال کر گئے
مرحوم کی دینی، تنظیمی اور فکری خدمات، ان کی قربانیاں اور اسلام کے لیے انتھک جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ ان کا خلا بلاشبہ آسانی سے پُر نہیں ہو سکے گا۔
نذیر احمد قریشی نے کہا کہ کہ تاہم ان کی زندگی آنے والی نسلوں کے لیے عزم، وفا شعاری اور اخلاص کا روشن نمونہ بنی رہے گی۔
نذیر احمد قریشی نے کہا کہ مرحوم امیر العظیم تحریک آزادی کشمیر کے بڑے حامی اور پشتبان تھے اور اس سلسلے میں انہوں نے اہل کمشیر کی مدد و حمایت میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کیا۔
ان کی وفات تحریک آزادی کشمیر ایک حقیقی پشتبان سے محروم ہوگئی ہے۔ پوری کشمیری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں مرحوم کے اہلِ خانہ، جماعت اسلامی کی قیادت، کارکنان اور تمام وابستگان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی تمام نیک کاوشوں اور خدمات کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت، ان کی کامل مغفرت ، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام ، ان کے درجات بلند اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائیں۔




