جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم انتقال کر گئے

جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ( قیم جماعت) امیر العظیم انتقال کرگئے ہیں جس کی تصدیق جماعت اسلامی کے سوشل میڈیا پیج سے کی گئی ہے۔

امیر العظیم گزشتہ کئی ماہ سے علیل تھے، امیر العظیم طویل عرصے تک جماعتِ اسلامی سے وابستہ رہے اور تنظیمی امور میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔

وہ اپنی سادہ مزاجی، نظریاتی وابستگی، تنظیمی صلاحیتوں اور کارکنان کی رہنمائی کے حوالے سے پہچانے جاتے تھے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور لاہور کے امیر کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: مرحلہ وار انتخابات سے شکوک و شبہات میں اضافہ ہوگا، ڈاکٹر مشتاق

امیر العظیم 1958ء میں لاہور میں پیدا ہوئے،اسلامیہ اسکول سنت نگر سے میٹرک اور اسلامیہ کالج ریلوے روڈ سے ایف ایس سی کا امتحان پاس کیا جبکہ اسلامیہ کالج سول لائنز سے فزکس ڈبل میتھ کے ساتھ بی ایس سی اور پنجاب یونیورسٹی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی۔

امیرالعظیم اسکول کے زمانہ سے اسلامی جمعیت طلبہ کے ساتھ وابستہ ہو گئے تھے۔ پنجاب یونیورسٹی طلباء یونین کے منتخب صدر رہے، بعدازاں اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ کے طور پر فرائض سر انجام دئیے۔

زمانہ طالب علمی میں امیر العظیم نے ضیاء الحق دور میں طلبہ یونین کی بحالی کے لیے لانگ مارچ کیا اور اس کے لیے جیل کی صعوبتیں برداشت کیں، اسی قید کے دوران اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ کے طور پر انہیں منتخب کر لیا گیا۔

2019ء میں اپنے دوسرے انتخاب کے بعد امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مرکزی مجلس شوریٰ کے مشورے سے امیرالعظیم کو جماعت اسلامی پاکستان کا مرکزی سیکرٹری جنرل مقرر کیا۔

امیر العظیم نے وکلاء تحریک میں اہم کردار ادا کیا۔ چیف جسٹس بحالی لانگ مارچ میں پولیس کی طرف سے پھینکا آنسو گیس شیل ان کے سر پر لگا تھا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے تھے۔

2002ء کے ضمنی انتخابات میں امیر العظیم نے لاہور کی صوبائی نشست پر متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے حصہ لیا۔

ادھر وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ جماعتِ اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم کے انتقال کی خبر سن کر افسوس ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیرالیکشن:جماعت اسلامی کے 36امیدوار میدان میں آگئے

مرحوم نے اپنی پوری زندگی دینی، سماجی اور سیاسی میدان میں خدمت، اصول پسندی اور عوامی فلاح کے لیے وقف کیے رکھی۔ ان کی وفات سے ملک ایک باوقار، سنجیدہ اور نظریاتی سیاسی و سماجی شخصیت سے محروم ہو گیا ہے۔

اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ، رفقاء اور جماعتِ اسلامی کے کارکنان کو یہ صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔