مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر نے موجودہ سیاسی و امن و امان کی صورتحال میں عام انتخابات کے انعقاد پر شدید تحفظات کا اظہار کر دیا۔
صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر و سابق وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے اہم آئینی و قانونی نکات پر مشتمل تفصیلی خط چیف الیکشن کمشنر کو ارسال کر دیا۔
سردار عبد القیوم نیازی نے اپنے خط میں راولاکوٹ دھرنے کے شرکا سے بامقصد مذاکرات اور سازگار انتخابی ماحول تک انتخابات مؤخر کرنے کا مطالبہ کر دیا
خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ایک آزاد اور آئینی ادارہ ہے، جس پر آزاد، منصفانہ، شفاف اور غیرجانبدار انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سردار تنویر الیاس ،سردار عتیق ملاقات،سیاسی، الیکشن صورتحال پر تبادلہ خیال
سردار عبدالقیوم نیازی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر نے مؤقف اختیار کیا کہ مرحلہ وار انتخابات ماضی میں کبھی نہیں ہوئے اور یہ شفافیت و یکسانیت کے اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ مرحلہ وار انتخابی شیڈول جاری کرنا حالات کی سنگینی کا اعتراف ہے، الیکشن کمیشن موجودہ صورتحال کا غیرجانبدارانہ جائزہ لے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ تمام پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت، مساوی انتخابی مواقع اور لیول پلیئنگ فیلڈ کی فراہمی کو شفاف انتخابات کے لیے ناگزیر قرار دے دیا گیا۔
حکومت پاکستان، حکومت آزاد کشمیر اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے راولاکوٹ دھرنے کے شرکا سے بامعنی مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کا مطالبہ
مزید یہ بھی پڑھیں:آر ایم ایس فوری فعال، کسی غلطی کی کوئی گنجائش نہیں،چیف الیکشن کمیشن
پی ٹی آئی آزاد کشمیر نے موقف اختیار کیا کہ امن، لیول پلیئنگ فیلڈ اور سازگار ماحول فراہم کیے بغیر انتخابات عوام کیلئے قابل قبول نہیں ہوں گے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اگر ریاست میں امن بحال اور لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کی جائے تو پی ٹی آئی آزاد کشمیر انتخابی بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرثانی کر سکتی ہے۔
سردار عبدالقیوم نیازی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ مکمل امن و امان کی بحالی کے بعد نیا انتخابی شیڈول جاری کیا جائے تاکہ الیکشن شفاف بنیادوں پر کروائے جاسکیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی کی تمام نشستوں پر ایک ہی روز انتخابات کرائے جائیں تاکہ شفافیت، انصاف اور جمہوری عمل پر عوام کا اعتماد برقرار رہے۔




