مظفرآباد ( کشمیر ڈیجیٹل) چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کی زیر صدارت عام انتخابات 2026 کے سلسلے میں رزلٹ منیجمنٹ سسٹم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سینئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ محمد احسن، ممبر سید نزیر الحسن گیلانی، سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف، سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی ملک حامد صدیق سمیت آئی ٹی بورڈ، لوکل گورنمنٹ اور پی اینڈ ڈی کے افسران نے شرکت کی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور میں انٹرنیٹ سروس بحال ، بلاول بھٹو کا سوشل میڈیا پربیان جاری
اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر کو رزلٹ منیجمنٹ سسٹم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ آر ایم ایس کو جلد از جلد فعال کیا جائے ۔
اس میں کسی قسم کی غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ رزلٹ منیجمنٹ سسٹم کے استعمال کا بنیادی مقصد عام انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانا اور عوام تک بروقت نتائج کی فراہمی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز تشہیر پر پابندی ، الیکشن کمیشن کا بڑا اعلان
اس نظام کے ذریعے الیکشن کمیشن کو درست اور شفاف انتخابی نتائج بروقت جاری کرنے میں سہولت حاصل ہوگی۔
پولنگ مکمل ہونے کے ابتدائی دو گھنٹے تک میڈیا نتائج نشر نہیں کرے گا، بعد ازاں جاری کئے گئے غیر سرکاری نتائج کو واضح طور پر ابتدائی اور غیر حتمی قرار دینا لازمی ہوگا۔
حتمی انتخابی نتائج صرف متعلقہ ریٹرننگ افسر کے باضابطہ اعلان کے بعد ہی مستند تصور کئے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر متعلقہ میڈیا نمائندے یا ادارے کی ایکریڈیٹیشن منسوخ کی جا سکتی ہے ۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
میڈیا پالیسی اور ضابطۂ اخلاق کا نوٹیفکیشن سیکرٹری الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد شکیل خان کی جانب سے جاری کیا گیا۔




