وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے نئے پے اسکیل 2026 متعارف کرا دیئے ہیں۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری آفس میمورنڈم کے مطابق نئے پے اسکیلز کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا، جبکہ نظرثانی شدہ بنیادی تنخواہوں میں ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2022 اور 2025 کو ضم کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق موجودہ ملازمین کی تنخواہیں نئے پے اسکیلز 2026 کے تحت پوائنٹ ٹو پوائنٹ بنیاد پر مقرر کی جائیں گی، جبکہ سالانہ انکریمنٹ پہلے سے رائج قواعد کے مطابق یکم دسمبر کو جاری رہے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:حکومت سے مذاکرات ناکام، پمپس مالکان کا غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کا اعلان
وزارت خزانہ کے مطابق یکم جولائی 2026 سے ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2022 اور 2025 ختم تصور ہوں گے، جبکہ وفاقی حکومت کے سول ملازمین، دفاعی تخمینوں سے تنخواہ لینے والے سویلین ملازمین اور دیگر متعلقہ ملازمین کو نئے بی پی ایس 2026 کی بنیادی تنخواہ پر 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس دیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ یہ الاؤنس انکم ٹیکس کے دائرے میں ہوگا اور اس سے متعلق دیگر شرائط بھی جاری کردہ مراسلے میں شامل ہیں۔
وزارت خزانہ نے تمام وزارتوں اور محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 30 روز کے اندر ملازمین سے تحریری آپشن حاصل کریں کہ وہ بنیادی پے اسکیل 2022 کے تحت تنخواہ لینا چاہتے ہیں یا نئے بیسک پے اسکیل 2026 کے مطابق۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مریم نواز،نوازشریف کا جلسہ گاہ میں انتظار کرنیوالے چچا کو2کروڑ دینے کا اعلان
مقررہ مدت میں آپشن نہ دینے والے ملازمین کو خودکار طور پر بیسک پے اسکیل 2026 کا انتخاب کرنے والا تصور کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ نے نئے پے اسکیلز کے نفاذ کے دوران پیدا ہونے والی ممکنہ بے ضابطگیوں کے حل کیلئے ایناملی کمیٹی قائم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔




