نارروال:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ کشمیر کے لوگ کشمیر کو کراچی نہیں بننے دیں گے، وہ کشمیر کو لاہور جیسا دیکھنا چاہتے ہیں۔
نارووال میں کا ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول صاحب،کشمیری آپ کی اور ہماری جماعت کی کارکردگی جانتے ہیں، لوگ جانتے ہیں کس کے دور حکومت میں کرپشن کے بازار گرم ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر کاز کو نقصان پہنچائے بغیر آزادکشمیر کو سینیٹ اور قومی اسمبلی میں نمائندگی ملنی چاہیے،بلاول بھٹو
احسن اقبال نے کہا کہ 90 فیصد پاکستان لاہور والی ترقی کو ووٹ دے گا، مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پورے پاکستان میں مقبول ہے، مسلم لیگ (ن) پاکستان کی مضبوطی کی علامت ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نےکہا تھا کہ آزادکشمیر کے انتخابات میں ن لیگ کو ایسی شکست ہوگی کہ تاریخ یاد رکھےگی، پیپلز پارٹی ہی حکومت بنائےگی، عوام نے موقع دیا تو ہر فورم پرکشمیر کی آواز بنیں گے۔
کوٹلی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت بنانےکے لیے وہ کوٹلی سے ہر سیٹ پر جیتنا چاہتے ہیں،کشمیر کا مستقبل کسی کی جیب میں نہیں بلکہ کشمیریوں کے ہاتھ میں ہے، فیصلہ کشمیرکے عوام کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:بلاول بھٹو کی تقاریر سیاسی ماحول کشیدہ کر سکتی ہیں، رانا ثنا کا انتباہ
بلاول بھٹو زرداری نے وزیر دفاع خواجہ آصف کو بھی کابینہ سے نکالنے کا مطالبہ کیا تھا جس پر وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے ان کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا تھا۔
یہ بھی یاد رہے کہ آزادکشمیر الیکشن پر مسلم لیگ(ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کے مابین سیاسی ماحول گرم ہوگیا ہے اور ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری کی جا رہی ہے۔




