میسی نے پرنسس آف آسٹوریاس ایوارڈ جیت لیا

 ارجنٹائن کے عظیم فٹبالر لیونل میسی نے ایک اور بڑا اعزاز حاصل کرکے اپنے شاندار کیریئر میں نئی تاریخ رقم کر دی۔

 انہیں 2026 کے پرنسس آف آسٹوریاس ایوارڈ برائے کھیل سے نوازا گیا ہے جو کھیلوں کی دنیا میں ان کی غیر معمولی خدمات اور کامیابیوں کا اعتراف ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عظیم فٹبالر لیونل میسی نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

 فٹبال کی دنیا کے نامور کھلاڑی لیونل میسی کے اعزازات میں ایک اور اہم اعزاز کا اضافہ ہوگیا ہے۔ اسپین میں انہیں 2026 کے پرنسس آف آسٹوریاس ایوارڈ برائے کھیل سے نوازا گیا، جس کے بعد وہ انفرادی طور پر یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے فٹبالر بن گئے۔

میسی کو اس ایوارڈ کیلئے رواں سال جون میں نامزد کیا گیا تھا۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ان کے سابق کلب ایف سی بارسلونا نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔

بارسلونا نے اپنے بیان میں میسی کی غیر معمولی صلاحیتوں، فٹبال کیلئے ان کی لگن، میدان کے اندر اور باہر ان کی کارکردگی اور سماجی خدمات کو سراہا۔

 کلب کا کہنا تھا کہ میسی کے ساتھ اس کا تعلق ہمیشہ باعثِ فخر رہے گا۔لیونل میسی نے اپنے کیریئر کے 21 سال ایف سی بارسلونا کے ساتھ گزارے۔

 اس دوران انہوں نے کلب کو متعدد ملکی اور یورپی مقابلوں میں کامیابیاں دلائیں اور اپنی شاندار کارکردگی کے ذریعے دنیا بھر میں مداحوں کے دل جیتے۔

بارسلونا سے 2021 میں علیحدگی کے بعد میسی نے فرانس کے کلب پیرس سینٹ جرمین میں شمولیت اختیار کی، جبکہ اب وہ امریکا کے انٹر میامی کلب کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔

لیونل میسی کے کیریئر کی نمایاں کامیابیوں میں آٹھ مرتبہ بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتنا اور ارجنٹائن کو فیفا ورلڈ کپ میں فتح دلانے میں قائدانہ کردار ادا کرنا شامل ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:میسی نے انٹرنیشنل فٹبال کو خیرباد کہہ دیا،آخری میچ میں بھی گول داغ دیا

واضح رہے کہ پرنسس آف آسٹوریاس ایوارڈز 1981 میں شروع کیے گئے تھے۔ یہ اعزازات کھیل، ثقافت، سائنس اور دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات اور اداروں کو دئیے جاتے ہیں۔ ایوارڈ کے ساتھ 50 ہزار یورو کی انعامی رقم بھی شامل ہے۔