بھمبر: سابق صدر جماعت مسلم کانفرنس، سابق وزیر حکومت آزاد جموں و کشمیر اور حلقہ ایل اے5 برنالہ کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت مرزا شفیق جرال ایڈووکیٹ نے آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات 2026 کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ۔
ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرزا شفیق جرال ایڈووکیٹ نے کہا کہ موجودہ حالات میں جب خطے میں بے چینی، احتجاج اور غیر یقینی کیفیت پائی جاتی ہے، ایسے ماحول میں انتخابی سرگرمیوں کا انعقاد مناسب نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:انجمنِ تاجران باغ کا کالعدم ایکشن کمیٹی کی سرگرمیوں کا بائیکاٹ، مارکیٹیں کھلی رکھنے کا اعلان
انہوں نے واضح کیا کہ امن، استحکام اور معمولاتِ زندگی کی مکمل بحالی تک وہ انتخابات کے عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا یہ فیصلہ کسی سیاسی مفاد کے لیے نہیں بلکہ عوام کے وسیع تر مفاد، خطے کے امن اور کشمیر کے موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے فوری طور پر عوامی مسائل کے حل، امن کے قیام اور حالات کو معمول پر لانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں تاکہ عوام اعتماد کے ساتھ اپنے جمہوری حقِ رائے دہی کا استعمال کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی نے عوامی حمایت نہ ملنے پر الیکشن کا بائیکاٹ کیا،طارق فضل چوہدری
مرزا شفیق جرال ایڈووکیٹ نے کہا کہ امن کے بغیر انتخابات اپنی حقیقی روح اور مقصد حاصل نہیں کر سکتے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جیسے ہی حالات معمول پر آئیں گے اور خطے میں پائیدار امن قائم ہوگا، وہ عوام کے ساتھ مل کر آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔




