شدید ردعمل

آزاد کشمیر کے شہریوں کا فضل الرحمان کے بیان پر شدید ردعمل ، معافی کا مطالبہ کر دیا

مظفر آباد (کشمیر ڈیجیٹل) فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں کی جانب سے شدید ردعمل، غم و غصے اور ناراضگی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

عوامی حلقوں نے اس بیان کو قومی سلامتی اور شہداء کی قربانیوں کی توہین قرار دیتے ہوئے سربراہ جے یو آئی (ف) سے فوری معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

آزاد کشمیر کے شہریوں اور تجارتی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے کشمیر ڈیجیٹل کے نمائندے سے اپنے مشترکہ ردِعمل میں کہا کہ افواجِ پاکستان کے شہداء نے ملک و قوم کے دفاع اور امن و امان کے قیام کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی رہنما یا جماعت کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ اپنے سیاسی مفادات یا بیانات میں ان عظیم قربانیوں کو متنازع بنائے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مولانا فضل الرحمان کے بیان پر آزاد کشمیر میں بھی شدید ردِعمل، پاک فوج پر تنقید ناقابلِ قبول قرار

ایسے بیانات سے نہ صرف شہداء کے اہلخانہ بلکہ پورے ملک اور خاص طور پر کشمیری عوام کے جذبات شدید مجروح ہوئے ہیں۔

شہریوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی سلامتی کے اداروں اور ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنیوالے جوانوں کا احترام ہر پاکستانی اور کشمیری شہری پر لازم ہے۔

انہوں نے سیاسی قیادت پر زور دیا کہ وہ سیاست کے میدان میں اخلاقی حدود کا خیال رکھیں اور ملکی سلامتی کے ضامن اداروں کو اپنی سیاست کی نذر کرنے سے گریز کریں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مولانا فضل الرحمان کے متنازع بیان پر سیاسی قیادت برہم، معافی کا فوری مطالبہ

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے غیور عوام پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کیساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور کسی کو بھی ان کی لازوال قربانیوں کی توہین کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔