کوٹلی (کشمیر ڈیجیٹل) ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کوٹلی نے موجودہ سکیورٹی صورتحال اور سرکاری ملازمین کو حقِ رائے دہی کے استعمال میں سہولت فراہم کرنے کیلئے کل 20 جولائی کو ضلع بھر میں عام تعطیل کی منظوری دے دی ہے۔
تعطیل کے اس فیصلے کا مقصد امن و امان کے قیام کو یقینی بنانا اور انتخابی عمل کو پرامن طریقے سے مکمل کرنا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے سرکاری ملازمین کیلئے ووٹ کاسٹ کرنے کا طریقہ کار اور مقامات بھی واضح کر دیے گئے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم میں کلاؤڈ برسٹ سے سیلابی صورتحال اور نقصانات کی تفصیلات سامنے آگئیں
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سٹی سمیت پانچ مختلف انتخابی حلقہ جات سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازمین ضلعی ہیڈکوارٹرز میں قائم کردہ پولنگ اسٹیشنز پر اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔
حلقہ سہنسہ سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازمین کیلئے سہنسہ میں ہی ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں ووٹنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جہاں وہ جا کر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکتے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ شروع، گرمی کا زور ٹوٹ گیا
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی جانب سے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ ملازمین بغیر کسی دشواری کے انتخابی عمل کا حصہ بن سکیں اور سکیورٹی کے انتظامات کو بھی فول پروف بنایا جا سکے۔




