اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر، عزت مآب ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔
وزیراعظم نے خطے میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کی فوری بحالی کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے ایران اور دیگر تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل و بردباری کا مظاہرہ کریں اور ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کریں جو گزشتہ چند ماہ کے دوران امن کے لیے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو نقصان پہنچا سکتا ہو۔
وزیراعظم نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کئے گئے باہمی وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت خطے اور اس سے باہر باہمی افہام و تفہیم، احترام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کیلئے ایک پائیدار بنیاد فراہم کرتی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر الیکشن: مسلم لیگ ن کے 45حلقوں کیلئے فوکل پرسنز مقرر
وزیراعظم نے خطے میں امن کے فروغ کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے صدر پزشکیان کو یقین دلایا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کی بحالی اور اسے برقرار رکھنے کیلئے مخلصانہ اور دیانتدارانہ کردار ادا کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کی دیگر اعلیٰ قیادت کی جانب سے مرحوم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے خطے میں امن کے لیے ایران کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس ضمن میں پاکستان کی حمایت اور تعمیری کردار کو سراہا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سردار تنویر الیاس بائی ڈیزائن دوسری جماعت میں گئے، لطیف اکبر
دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ماہ صدر پزشکیان کے دورۂ اسلام آباد کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے تیزی سے عملدرآمد جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لیے اپنے نیک تمناؤں اور پرتپاک جذبات کا اظہار بھی کیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے اور علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔



