مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم افتخار گیلانی کی سربراہی میں حکومت کے سو روزہ پلان کے حوالے سے لال چوک مظفرآباد میں عظیم الشان جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔۔
جلسہ گاہ آمد پر وزیراعظم افتخار گیلانی کا عوام الناس کی جانب سے فقید المثال استقبال کیا گیا۔
وزیراعظم افتخار گیلانی نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سو روزہ پلان سے لے کر پانچ سال تک کی حکمت عملی عوام کے سامنے رکھی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ریاستی عوام کے مستقبل کو خوشحال بنانے کے فیصلے ایک دن میں نہیں ہوسکتے اسی لئے سو روزہ پلان کی تیاری میں وقت لگا۔
ریاست میں افراتفری، بے چینی اور سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ گزشتہ دور میں چار حکومتیں تبدیل ہوئیں جس کے باعث عوامی مسائل اور ترقیاتی عمل متاثر ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نئی نسل کی کردار سازی اور قرآن و سنت کی تعلیمات سے آگاہی کیلئے پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آئندہ3 روز کیلئے پیٹرول کی قیمت میں مزید کمی،نوٹیفکیشن جاری
صرف سرکاری نوکریوں سے بیروزگاری کا مکمل خاتمہ نہیں کیا جا سکتا۔ سرکاری ملازمتوں پر انحصار کم کرنے کے لیے کاروبار اور خود روزگاری کے مواقع فراہم کرنے جارہے ہیں۔
تمام سرکاری محکموں میں تھرڈ پارٹی کے ذریعے بھرتیاں ہوں گی۔ تھرڈ پارٹی کے ذریعے ہزاروں نوجوان اپنی اہلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر روزگار حاصل کر سکیں گے۔
اپنا روزگار سکیم کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر بلاسود قرضے فراہم کریں گے۔ کاروبار شروع کرنے کی راہ میں حائل پیچیدگیوں کو ختم کیا جائے گا۔
وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ ڈسکور اے جے کے کے تحت ریاست کے سیاحتی مقامات کو دنیا کے سامنے متعارف کروائیں گے۔
سیاحت کو فروغ دے کر ریاست کے عوام کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔ سیاحوں کی آمد سے مقامی کاروبار، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے راستے کھلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری گیسٹ ہاؤسز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فعال کرنے جارہے ہیں۔ ریاست کے تمام انٹری پوائنٹس پر ٹک شاپس قائم کی جائیں گی تاکہ مقامی لوگوں کو کاروبار کے مواقع ملیں۔
52 سیاحتی مقامات پر تین سے چھ ماہ میں ترقیاتی سرگرمیاں مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔ لیپہ اور سیماری میں ایکو ٹورازم کے فروغ کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔




