ایبٹ آباد کے علاقے دھمتوڑ بائی پاس پر تیز رفتاری کے باعث ایک سوزوکی وین خوفناک ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئی جس سے ہریپور سے تعلق رکھنے والے 14 کمسن بچوں سمیت 20 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مسافروں سے بھری سوزوکی وین تیز رفتاری کے باعث ڈرائیورسے بے قابو ہو کر الٹ گئی۔
حکام نے بتایا کہ زخمیوں میں 14 کمسن بچے شامل ہیں جن کی عمریں 12 سال سے کم ہیں جبکہ حادثے کی زد میں آ کر 6 مرد بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کرپٹو کرنسی سے متعلق مفتی تقی عثمانی کا اہم فتویٰ آ گیا
ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں انہیں ایوب میڈیکل کمپلیکس کے آپریشن تھیٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تشویشناک حالت کے پیشِ نظر بچوں کو فوری طور پر آپریشن تھیٹر شفٹ کر دیا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی خصوصی ٹیمیں ان کی جانیں بچانے کیلئےہنگامی بنیادوں پر مصروفِ عمل ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کی معاشی شرح نمو سے متعلق بڑی پیشگوئی کردی
دوسری جانب پولیس نے حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی کو تحویل میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
ابتدائی شواہد کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور کے کنٹرول کھو دینے کی وجہ سے پیش آیا، تاہم واقعے کے اصل اسباب جاننے کیلئے عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں۔




