وفاداری کی شق ختم کرنے کا مطالبہ کرنے والے مذاکرات کے لائق نہیں، بجلی و آٹے پر سبسڈی جاری رہے گی: امیر مقام

مظفرآباد: وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ “پاکستان ہمیشہ زندہ باد” صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ یہ اس عزم کا اظہار ہے کہ ہم اپنی قومی یکجہتی، امن، استحکام اور ترقی کے سفر کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ اپنی محبت، وفاداری اور یکجہتی کا عملی ثبوت دیا ہے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ایک بڑا انکشاف کیا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے ذمہ داران مذاکرات کے لیے آئے اور انہوں نے پاکستان کے ساتھ وفاداری کی شق ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

انجینئر امیر مقام نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر کو آٹا اور بجلی پر دی جانے والی تمام سبسڈیز مستقل طور پر جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کوہالہ سے مظفرآباد تک پاکستان اور افواجِ پاکستان سے محبت کا لازوال جذبہ دیکھا گیا ہے، اور بھارت کشمیریوں کے اس جذبے کو کبھی شکست نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اورفیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی دوراندیش قیادت میں پاکستان نے تیسری عالمی جنگ رکوائی ہے، جو کہ ایک معجزہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رانا ثناء اللہ کی موجودگی میں ن لیگ اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی کرنل وقار نور کی حمایت

برہان وانی شہید اور غازیوں کو خراجِ عقیدت:

وزیرِ امورِ کشمیر نے کہا کہ وہ آج برہان وانی شہید کی برسی کے موقع پر مظفرآباد میں موجود ہیں۔ انہوں نے راولاکوٹ کے سپاہی مقبول شہید کی لازوال قربانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ “شہید مقبول کی زبان کاٹی گئی مگر انہوں نے پاکستان کے خلاف نعرہ نہیں لگایا اور اپنے خون سے ‘پاکستان زندہ باد’ لکھا، اس عظیم جذبے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔” انہوں نے نوجوانوں کو امید کی کرن قرار دیتے ہوئے تاکید کی کہ وہ نفرت کے بجائے محبت کا پیغام دیں اور تقسیم کے بجائے اتحاد کی مثال بنیں۔

اس عظیم الشان یکجہتی ریلی میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی اور مقامی قیادت بشمول ایم این اے محسن شاہنواز رانجھا، سینیٹر سعود چوہدری، اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر، ایم پی اے احمد نواز، ایم پی اے عاصم شیر، سابق ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی، کیپٹن (ر) صفدر، سابق صوبائی وزیر نورین عارف، ثاقب اور دیگر رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سید افتخار علی گیلانی کی رہائش گاہ پر کارنر میٹنگ جلسے کی شکل اختیار کر گئی