ناروے(کشمیر ڈیجٹیل) عالمی فضائی صنعت کو ایک اور بڑا دھچکا، ناروے کی بجٹ ایئرلائن نارس اٹلانٹک ایئرویز کے مرکزی آپریٹنگ یونٹ نے دیوالیہ پن کی کارروائی شروع کردی۔
کمپنی نے اپنی تمام پروازیں اور ٹکٹوں کی فروخت مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا۔
ایئرلائن کی بندش سے پہلے سے ٹکٹ خریدنے والے ہزاروں مسافروں کے لیے بھی نئی پریشانی کھڑی ہوگئی ہے اور ان کی رقم کی واپسی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :برطانیہ سے پاکستان آنے والی پی آئی اے کی پروازوں کا شیڈول متاثر
ایئرلائن کو عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے نتیجے میں شدید مالی بحران کا سامنا تھا۔
بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات نے کمپنی کی مالی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا، جبکہ کاروبار کو سہارا دینے کے لیے ہنگامی فنڈز حاصل کرنے کی کوششیں بھی کامیاب نہ ہوسکیں۔
مالی مشکلات پر قابو پانے میں ناکامی کے بعد کمپنی کے مرکزی آپریٹنگ یونٹ نے دیوالیہ پن کا کیس دائر کردیا، جس کے نتیجے میں فضائی آپریشن مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اقدام کے بعد نہ صرف تمام پروازیں روک دی گئی ہیں بلکہ نئے ٹکٹوں کی فروخت بھی مستقل طور پر ختم کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :امریکا میں طوفان اور بارش کا قہر، بجلی بند، پروازیں منسوخ، ساحلی علاقے زیر آب
ایئرلائن کی بندش کا ایک اہم اثر کسٹمر سروس کی معطلی بھی ہے، جس کے باعث متاثرہ مسافروں کو اپنی پروازوں، بکنگ اور رقم کی واپسی سے متعلق معلومات حاصل کرنے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
پہلے سے ٹکٹ خریدنے والے مسافروں کے لیے بھی صورتحال تشویش ناک ہوگئی ہے، کیونکہ دیوالیہ پن کی قانونی کارروائی کے دوران ٹکٹوں کی رقم واپس ملنے کی کوئی ضمانت نہیں، ایسے میں مسافروں کو اپنے پیسوں سے محروم ہونے کا خدشہ ہے۔
ایئرلائن کی بندش نے ایک بار پھر عالمی فضائی صنعت میں بڑھتے ہوئے اخراجات اور ایندھن کی قیمتوں کے باعث ایئرلائنز کو درپیش مالی خطرات کو نمایاں کردیا ہے۔




