سونے کی قیمت میں 11 ہزار 500 روپے کا بڑا اضافہ،چاندی بھی مہنگی ہوگئی

کراچی( کشمیر ڈیجٹیل )عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ، پاکستان میں بھی دونوں قیمتی دھاتوں کے نرخوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 

عالمی بلین مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ اور غیر یقینی صورتحال کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 115 ڈالر کے نمایاں اضافے کے بعد 3 ہزار 676 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔

یہ بھی پڑھیں :فی تولہ سونا 4 لاکھ 40 ہزار 636 روپے کی سطح پر برقرار

 عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ بڑھنے کے اثرات ملکی صرافہ بازاروں میں بھی دیکھنے میں آئے، جہاں فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں ہزاروں روپے کا اضافہ ہوگیا۔

مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 11 ہزار 500 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 90 ہزار 136 روپے ہوگئی، جبکہ فی دس گرام سونے کے نرخ 9 ہزار 859 روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 34 ہزار 478 روپے کی سطح پر پہنچ گئے۔

سونے کے ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 2 ڈالر 77 سینٹس بڑھ کر 44 ڈالر 28 سینٹس ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں :مقامی مارکیٹ میں سونا مہنگا جبکہ چاندی کی قیمت میں کمی ریکارڈ

عالمی مارکیٹ میں چاندی کے نرخوں میں اضافے کے نتیجے میں مقامی سطح پر فی تولہ چاندی کی قیمت 277 روپے بڑھ کر 4 ہزار 906 روپے، جبکہ فی دس گرام قیمت 238 روپے کے اضافے سے 4 ہزار 206 روپے ہوگئی۔

صرافہ مارکیٹ میں قیمتوں کے اس مسلسل اضافے نے سرمایہ کاروں اور زیورات خریدنے والے صارفین کی توجہ قیمتی دھاتوں کی بدلتی قیمتوں کی جانب مبذول کرادی ہے۔

 عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ برقرار رہنے کی صورت میں مقامی صرافہ بازاروں میں بھی قیمتوں میں مزید تبدیلی کا امکان رہے گا۔