مظفرآباد: بلوچستان کے ضلع چاغی میں ‘فتنہ الہندوستان’ کے دہشت گردوں کی جانب سے ایم سی بی (MCB) بینک لوٹنے کی ایک بڑی کوشش کو پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے اپنے بروقت، فوری اور مؤثر کارروائی سے ناکام بنا دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، دہشت گردوں کی جانب سے بینک کو نشانہ بنانے کی یہ کوشش محض ایک مالی جرم نہیں، بلکہ یہ عام شہریوں کے امن، روزگار اور ریاست پر ان کے اعتماد پر براہِ راست حملہ ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے فوری اور مؤثر ردِعمل نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے، جس کے بعد علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک بلاامتیاز جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ، ملک دشمن عناصر کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی، ڈی جی آئی ایس پی آر
بلوچستان کے عوام لوٹ مار اور خوف نہیں، امن اور معاشی استحکام چاہتے ہیں
عوامی و دفاعی حلقوں کے مطابق، ایسے تخریب کار عناصر عوام کی محنت کی کمائی، مقامی کاروبار اور بلوچستان کے امن و استحکام کو نشانہ بناتے ہیں۔ ان کے اقدامات کا سب سے بڑا اور براہِ راست نقصان عام شہریوں، غریب مزدوروں، تاجروں اور روزانہ کی بنیاد پر روزگار کمانے والے لوگوں کو اٹھانا پڑتا ہے۔
آج بلوچستان کے عوام کو خوف، بھتہ خوری، لوٹ مار اور تشدد کی ضرورت نہیں، بلکہ مستقل امن، ترقی، تعلیم اور معاشی استحکام چاہیے۔ ایسے جرائم کی روک تھام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کرنا ہی عوامی مفاد میں ہے۔ واضح رہے کہ عوام کی محنت کی کمائی پر حملہ کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں، کیونکہ امن کا دشمن ہی درحقیقت بلوچستان کا دشمن ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ، ملک دشمن عناصر کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی، ڈی جی آئی ایس پی آر




