مظفرآباد کے حلقہ ایل اے 29 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار اور سابق وزیر حکومت سید افتخار علی گیلانی کی رہائش گاہ پر منعقدہ کارنر میٹنگ عوامی جم غفیر کے باعث ایک بڑے جلسے کی شکل اختیار کر گئی ہے۔
مظفرآباد شہر سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پرجوش کارکنان کا ایک بہت بڑا جم غفیر مختلف ریلیوں کی شکل میں گیلانی ہاؤس کے پنڈال میں داخل ہوا، جس سے پورا ماحول انتخابی رنگ میں رنگ گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: مسلم لیگ (ن) نے الیکشن رابطہ سیل قائم کردیا
اس پرعزم کارنر میٹنگ سے جوشیلے انداز میں خطاب کرتے ہوئے امیدوار اسمبلی بیرسٹر افتخار علی گیلانی کا کہنا تھا کہ مظفرآباد کے حقوق کا ضامن صرف اور صرف مظفرآباد کا بیٹا ہی ہوگا اور ہم یہاں کی عوام کے حقوق کا ہر سطح پر بھرپور تحفظ کریں گے۔
ترقیاتی کاموں پر تنقید:
سید افتخار علی گیلانی نے خطے کی موجودہ حالت پر بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت کے بعد مظفرآباد شہر میں ایک روپے کا بھی کام نہیں کروایا گیا۔ انہوں نے مخالفین کو کڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ہمارے مخالفین کے پاس عوام کو دکھانے کے لیے کوئی ایک بھی منصوبہ یا کارکردگی موجود نہیں ہے۔
مینڈیٹ کی چوری اور موجودہ حالات:
سابق وزیر حکومت نے سیاسی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب عوام کا حقیقی مینڈیٹ چوری کیا جائے، تو پھر ملک اور خطے کو اسی طرح کے بدترین حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ عوام کی طاقت سے ان حالات کو بدلیں گے اور مظفرآباد کو اس کا جائز حق دلوا کر رہیں گے۔




