عالمی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتیں گر گئیں

عالمی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ ایک ہفتے کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گیا، بینک آف امریکہ نے بھی 2026 کے لیے اپنے تخمینے میں کمی کر دی

مظفرآباد: عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں اسپاٹ گولڈ 0.4 فیصد کمی کے بعد ایک ہفتے کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گیا۔ ماہرین کے مطابق، امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث جہاں ایک طرف تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، وہیں دوسری جانب مالیاتی منڈیوں میں بے یقینی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جس نے سرمایہ کاروں کی توجہ دوبارہ مہنگائی اور شرح سود میں اضافے کے خدشات کی جانب مبذول کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سونے کی قیمتیں مستحکم، تولہ اور دس گرام کے تازہ ترین نرخ جاری

عالمی مارکیٹ میں جمعرات کو اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.4 فیصد گراوٹ کے بعد 4 ہزار 60.46 ڈالر فی اونس پر آ گئی، جبکہ امریکی گولڈ فیوچر کی قیمت بھی 0.3 فیصد کمی کے بعد 4 ہزار 69.80 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹس کے مطابق، خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امریکی مالیاتی پالیسی میں سختی کے باعث مارکیٹ متاثر ہوئی ہے۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بینک آف امریکہ نے بھی سال 2026 کے لیے سونے کی اوسط قیمت کے تخمینے میں کمی کرتے ہوئے اسے 4 ہزار 360 ڈالر فی اونس کر دیا ہے۔

چاندی اور دیگر قیمتی دھاتوں کی صورتحال

دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی مندی کا رجحان دیکھا گیا اور اس کی قیمت 0.9 فیصد کمی کے بعد 57.77 ڈالر فی اونس پر آ گئی ہے، جبکہ اس کے برعکس پلاٹینم اور پیلیڈیم کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں ہونے والی اس بڑی ہلچل کے بعد اب پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ سونا 2,500 روپے سستا ہو گیا