رائزنگ سٹارزایشیا کپ فائنل آج پاکستان شاہینز اورسری لنکا اے میں کھیلا جائیگا

دوحہ (کشمیر ڈیجیٹل) رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ 2026ء کے فاتح کا فیصلہ آج ہوگا، جہاں دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کی ٹیمیں فائنل میں ٹائٹل کے حصول کیلئے مدمقابل ہوں گی۔ فیصلہ کن مقابلہ دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

فائنل پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان شاہینز ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے اور چوتھی مرتبہ چیمپئن بننے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

یہ بھی پڑھیں:ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز، پاکستان بنگلہ دیش کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا

کپتان عبدالصمد کی قیادت میں پاکستان شاہینز نے گروپ مرحلے کے تینوں میچز میں کامیابی حاصل کی، جبکہ سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

پاکستان شاہینز اس سے قبل ٹورنامنٹ کے 7 ایڈیشنز میں 3 مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے، جبکہ آج کا فائنل 8 ایڈیشنز میں ٹیم کی چھٹی فائنل شرکت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز،بنگلہ دیش بھارت کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گیا

قومی ٹیم کی نظریں ایک اور شاندار کارکردگی کے ذریعے ٹائٹل کا دفاع کرنے اور چوتھی مرتبہ رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کی چیمپئن بننے پر مرکوز ہیں، جبکہ سری لنکا اے کی ٹیم بھی ٹرافی جیتنے کے لیے بھرپور مقابلے کی کوشش کرے گی۔