مظفرآباد:ترجمان الیکشن کمیشن نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کی تردید کی ہے کہ آزادکشمیر کے کچھ حلقوں اور پونچھ کے بعض حلقوں میں انتخابات موخر کیے جا رہے ہیں جن پر انتخابات 27 جولائی کے بعد منعقد کروائے جائیں گے ۔
ترجمان نے کہا کہ آزادکشمیر کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے تمام تر اقدامات جاری ہیں اس وقت تک تمام 45 حلقہ جات میں امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جا چکی ہے ،تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کئے جا چکے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے تمام 33 حلقوں اور مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کے تمام 12 حلقوں میں انتخابات 27 جولائی کو ہی ہونگے لہذا عوام اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی فیک نیوز پر اعتبار نہ کریں ۔
یاد رہےکہ سوشل میڈیا پر یہ تجزیئے پیش کئے جا رہے تھے کہ الیکشن کمیشن راولاکوٹ میں دھرنا کے پیش نظرراولاکوٹ کے کچھ حلقوں میں الیکشن ملتوی کرنے کافیصلہ کیا ہے لیکن اب ترجمان الیکشن کمیشن کی تردید کے بعد واضح ہو گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آزادکشمیر ہر صورت 27جولائی کو ہی کرانے کا فیصلہ کرچکا ہے۔
یاد رہے کہ آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے الیکشن برائے 2026 کے لئے الیکشن کمیشن نے پولنگ سکیم بھی جاری کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق آزادکشمیر اور مہاجرین مقیم پاکستان کی کل45نشستوں پر 38 لاکھ 4 ہزار 368 ووٹرز جن میں 20 لاکھ ایک ہزار 655 مرد جبکہ 18 لاکھ 2 ہزار 715 خواتین ووٹرزرجسٹرڈ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:انتخابی عمل مقررہ شیڈول کے مطابق کامیابی سے مکمل کرینگے،چیف الیکشن کمشنر
الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد جموں کشمیر کے 33 حلقوں اور مہاجرین جموں کشمیر مقیم پاکستان کے 12 حلقوں کے لئے 6 ہزار 963 پولنگ اسٹیشنز اور 10 ہزار 913 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔




