مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات 2026 کے پرامن، شفاف اور منظم انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے باضابطہ اور حتمی پولنگ اسکیم جاری کر دی گئی ہے۔
جاری کردہ سرکاری دستاویزات کے مطابق، اس بار انتخابی عمل میں مجموعی طور پر 38 لاکھ 4 ہزار 368 ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے نئی حکومت کا انتخاب کریں گے۔ الیکشن کمیشن کے فراہم کردہ صنف وار ڈیٹا کے مطابق، ان عام انتخابات میں مرد ووٹرز کی کل تعداد 20 لاکھ 1 ہزار 653 ہے جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 18 لاکھ 2 ہزار 715 ریکارڈ کی گئی ہے۔
ووٹرز کی سہولت اور پولنگ کے عمل کو بلا تعطل یقینی بنانے کے لیے آزاد کشمیر اور پاکستان بھر میں بڑے پیمانے پر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جس کے تحت مجموعی طور پر 6 ہزار 983 پولنگ اسٹیشنز اور 10 ہزار 913 پولنگ بوتھس قائم کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق، ان ووٹرز اور پولنگ اسٹیشنز کو آزاد کشمیر کے مستقل باشندوں اور پاکستان کے مختلف حصوں میں مقیم جموں و وادی کشمیر کے مہاجرین کے حساب سے تین بڑے حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انتخابی عمل مقررہ شیڈول کے مطابق کامیابی سے مکمل کرینگے،چیف الیکشن کمشنر
اس تقسیم کے تحت میزان آزاد کشمیر کی مستقل لسٹ میں کل ووٹرز کی تعداد 33 لاکھ 65 ہزار 686 ہے، جن میں 17 لاکھ 53 ہزار 777 مرد اور 16 لاکھ 11 ہزار 909 خواتین ووٹرز شامل ہیں، اور ان کے لیے 5Hex ہزار 926 پولنگ اسٹیشنز اور 9 ہزار 84 پولنگ بوتھس مختص کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب، پاکستان میں مقیم جموں مہاجرین کے حلقہ جات میں کل ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 5 ہزار 105 ہے، جس میں 2 لاکھ 30 ہزار 175 مرد اور 14 لاکھ 74 ہزار 930 خواتین ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے، جبکہ ان کے لیے 870 پولنگ اسٹیشنز اور 1 ہزار 504 پولنگ بوتھس قائم ہوئے ہیں۔ اسی طرح وادی کشمیر کے مہاجرین کے حلقوں میں کل ووٹرز کی تعداد 33 ہزار 577 ہے، جن میں 17 ہزار 701 مرد اور 15 ہزار 876 خواتین ووٹرز شامل ہیں، اور ان کے لیے 187 پولنگ اسٹیشنز اور 325 پولنگ بوتھس کا انتظام کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے اس حتمی پولنگ اسکیم کے اجراء کے بعد تمام متعلقہ حلقوں میں انتخابی مواد کی باحفاظت ترسیل اور انتخابی عملے کی باقاعدہ تعیناتی کے لیے تیاریاں ہنگامی بنیادوں پر تیز کر دی گئی ہیں۔





