سالارِ جمہوریت کی 5ویں برسی فتح پور تھکیالہ میں عقیدت و احترام سے منائی گئی

فتح پور تھکیالہ (کشمیر ڈیجیٹل)سالارِ جمہوریت، سابق صدر ریاست و سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار سکندر حیات خان کی پانچویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔

 اس موقع پر فتح پور تھکیالہ میں ان کے مزار پر دعائیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیر تعلیم سکولز آزاد کشمیر انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ، سابق وزیر سردار نعیم خان سمیت سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:8 اکتوبر کے زلزلے کی برسی پر مظفرآباد میں آگاہی واک، اداروں کی تیاریوں اور خامیوں پر سوالات

تقریب کے آغاز میں مرحوم کے مزار پر قرآن خوانی کی گئی، جبکہ اختتام پر ان کے درجات کی بلندی اور مغفرت کیلئےخصوصی دعا کی گئی۔

تقریب سے وزیر تعلیم سکولز انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ، سابق پولیٹیکل سیکرٹری سردار شفیق خان انقلابی، راجہ رزاق خان ایڈووکیٹ، سردار ذوالفقار کھنڈ ہاروی، صاحبزادہ سید محمود ابرار، مفتی عبدالرحمٰن جامی، علامہ مشتاق احمد خطیب جامع مسجد خیر کثیر، مولانا خالد قادری اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

 دعائیہ تقریب میں سابق وزیر سردار نعیم خان سمیت مذہبی و سماجی حلقوں کے نمائندوں اور اہل علاقہ نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم سکولز انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ  نے سردار سکندر حیات خان کی سیاسی جدوجہد، ریاست کی تعمیر و ترقی، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی خدمت کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ سردار سکندر حیات خان نے اپنی سیاسی زندگی ریاست کی تعمیر و ترقی، اداروں کے استحکام اور عوام کی خدمت کیلئے وقف  کئے رکھی۔ ان کی سیاست کا بنیادی محور عوامی مسائل کا حل اور بلا تخصیص خدمت تھا۔

 سالارِ جمہوریت کی سیاسی بصیرت، جمہوری جدوجہد اور ریاست کیلئے خدمات آزاد کشمیر کی تاریخ کا اہم باب ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

 مقررین نے کہا کہ سردار سکندر حیات خان کی زندگی نئی نسل کیلئے مشعلِ راہ ہے۔ ان کے طرزِ سیاست، عوامی خدمت اور ریاست سے وابستگی کے جذبے کو آگے بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حلقے کے عوام کی خدمت میں کسی قسم کی تفریق نہیں کی جائے گی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

انجینئر عمیر نعیم نے اپنے دادا، تحریک پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کے رہنما فتح محمد کریلوی کی سیاسی و تحریکی خدمات کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ تحریک پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر سے وابستہ اکابرین کی جدوجہد اور قربانیاں ہماری تاریخ کا قیمتی سرمایہ ہیں۔

ان شخصیات کی خدمات کو یاد رکھنا اور ان کے مشن کو آگے بڑھانا ہماری ذمہ داری ہے۔وزیر تعلیم نے پاک فوج کی ملکی دفاع اور سلامت کیلئے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے وطن عزیز کے تحفظ کیلئے  جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قومی تاریخ کا قابلِ فخر حصہ ہیں۔ انہوں نے آزاد کشمیر میں نظریاتی تخریب کاری اور انتشار پھیلانے والے عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کے امن، استحکام اور نظریاتی تشخص کا تحفظ تمام شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ نے حلقے کے عوام کو صحت اور بجلی سے متعلق مسائل کے حل کیلئے اقدامات کی نوید سناتے ہوئے کہا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال فتح پور تھکیالہ میں آپریشن تھیٹر کو فعال بنایا جائیگا اور اس سہولت کی فراہمی سے مریضوں کو علاج اور آپریشن کیلئے دور دراز شہروں کا رخ کرنے کی مشکلات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بجلی کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے ٹرانسفارمرز کی مرمت تحصیل کی سطح پر کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، صحت کے شعبے میں بہتری اور بجلی سے متعلق مشکلات کا ازالہ ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وہ عوامی مسائل کے حل کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر عملی پیش رفت کے خواہاں ہیں۔

وزیر تعلیم نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض منصبی پوری دیانت داری، محنت اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط برقرار رکھنا، تدریسی معیار بہتر بنانا اور طلبہ کی تعلیم و تربیت کو یقینی بنانا اساتذہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

معیاری تعلیم ہی ایک باشعور اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے، اس لیے اساتذہ کو اپنی ذمہ داریاں سنجیدگی اور لگن سے ادا کرنی چاہئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جلد صدر ریاست اور وزیراعظم آزاد کشمیر اپنی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ سالارِ جمہوریت سردار سکندر حیات خان کے مزار پر حاضری دیں گے۔

دیگر مقررین، بالخصوص سردار شفیق خان انقلابی نے اپنے خطاب میں سردار سکندر حیات خان کی سیاسی جدوجہد، ریاستی خدمات اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔

مقررین نے کہا کہ سالارِ جمہوریت کی خدمات اور سیاسی ورثے کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ان کی برسی کے موقع پر منعقدہ دعائیہ تقریب ان کی یاد تازہ کرنے اور عوامی خدمت کے جذبے کو زندہ رکھنے کا ذریعہ ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور:8 اکتوبر 2005 کے زلزلے کی 21ویں برسی پر شہداء کی یاد میں ریلی نکالی گئی

تقریب کے اختتام پر دعوت اسلامی کے نگران محمد ظفر عطاری نے سردار سکندر حیات خان ککی روح کو ایصالِ ثواب، درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی۔