پنالٹی ککس پر کولمبیا کو شکست ،سوئٹزرلینڈ نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کولمبیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 3-4 سے شکست دے کر 72 برس بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔

کینیڈا کے شہر وینکوور میں کھیلے گئے میچ کے مقررہ وقت اور اضافی وقت کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی ککس پر ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈکپ، ارجنٹینا مصر کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

میچ کے دوران دونوں ٹیموں نے متعدد مواقع پیدا کئے تاہم کسی بھی ٹیم کو گیند جال میں پہنچانے میں کامیابی نہ مل سکی۔

کولمبیا نے پہلے ہاف میں خطرناک حملے کیے لیکن سوئس گول کیپر گریگور کوبل نے شاندار بچاؤ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو نقصان سے بچائے رکھا۔

اضافی وقت میں بھی کولمبیا کو فیصلہ کن گول کا موقع ملا تاہم قسمت نے اس کا ساتھ نہ دیا اور ایک ہیڈر کراس بار سے ٹکرا گیا۔

پنالٹی شوٹ آؤٹ میں سوئٹزرلینڈ نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کولمبیا کے ڈیوسن سانچیز کی پنالٹی کراس بار سے ٹکرا گئی جبکہ کوچو ہرناندیز کی کوشش کو گریگور کوبل نے شاندار انداز میں روک لیا۔

دوسری جانب سوئٹزرلینڈ کے روبن ورگاس نے فیصلہ کن پنالٹی کامیابی سے اسکور کرکے اپنی ٹیم کو تاریخی فتح دلائی۔ اگرچہ سوئٹزرلینڈ کے مینوئل اکانجی ایک پنالٹی ضائع کر بیٹھے، لیکن مجموعی طور پر سوئس ٹیم نے 4-3 سے کامیابی حاصل کر لی۔

اس کامیابی کے ساتھ سوئٹزرلینڈ نے پہلی بار 1954 کے بعد ورلڈ کپ کے آخری آٹھ مرحلے میں جگہ بنائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ پہلے ہی فکس تھا،مصری کھلاڑی ریفری کے متنازع فیصلے پر پھٹ پڑے

کوارٹر فائنل میں اس کا مقابلہ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا سے ہوگاجو مصر کو ایک دلچسپ مقابلے میں شکست دے کر اگلے مرحلے میں پہنچا تھا۔

دوسری جانب کولمبیا کا ورلڈ کپ میں شاندار سفر اختتام پذیر ہوگیا تاہم ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں متاثر کن کھیل پیش کر کے شائقین کے دل جیت لئے۔