نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں آج 6 جولائی سے 10 جولائی تک موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق شمالی پاکستان میں ایک فعال موسمی سسٹم داخل ہو رہا ہے، جس کے باعث ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا قوی امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ملک میں کہاں کہاں بارش ہوگی؟محکمہ موسمیات نے بتا دیا، الرٹ بھی جاری
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ موسمی صورتحال کے جائزے کے مطابق، 7 سے 10 جولائی کے دوران کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث آزاد کشمیر ، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
اس کے علاوہ پوٹھوہار ریجن اور شمال مشرقی پنجاب کے علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی ملحقہ علاقوں میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
این ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ پہاڑی ندی نالوں اور چھوٹے برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے حساس بالائی علاقوں میں مقامی سیلاب کا خطرہ ہے۔ شہری علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے اور نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج میں پانی کے بہاؤ میں معمولی اضافہ متوقع ہے۔
موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر بڑے پیمانے پر دریائی سیلاب کا فی الحال کوئی خطرہ نہیں ہے۔ بارشوں کے نتیجے میں تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی آمد میں بھی معمولی اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بالائی علاقوں میں گلیشیئرپھٹنے ،دریاوں، ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ، الرٹ جاری
این ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
عوام سے بھی گزارش کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے احتیاط برتیں۔




