پی ایس ایل 12،غیرملکی کھلاڑیوں کی براہ راست سائننگ مکمل، راولپنڈیز کا سب سے مہنگا معاہدہ

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارہویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی براہ راست سائننگ کا مرحلہ مکمل ہوگیا، پی ایس ایل کی 8 میں سے 6 فرنچائزز نے غیر ملکی کھلاڑیوں سے معاہدے کرلیے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے میتھیو شارٹ براہ راست سائننگ کے مرحلے میں سب سے مہنگے کھلاڑی رہے جن سے راولپنڈیز نے 9 کروڑ 15 لاکھ روپے میں معاہدہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 12 کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں کرانے کا اعلان

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فرگوسن سے 7 کروڑ 63 لاکھ روپے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے نیوزی لینڈ ہی کے میٹ ہینری سے 7 کروڑ 7 لاکھ روپے میں معاہدہ کیا۔

لاہور قلندرز نے سری لنکا کے کامندو مینڈس کو 6 کروڑ 38 لاکھ روپے، کراچی کنگز نے انگلینڈ کے عادل رشید کو 6 کروڑ 20 لاکھ روپے جبکہ ملتان سلطانز نے آسٹریلیا کے فاسٹ بولر لانس مورس کو 5 کروڑ 50 لاکھ روپے میں سائن کیا۔

پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین نے اس مرتبہ کسی کھلاڑی سے براہ راست معاہدہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں فرنچائزز کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے، تبادلوں اور نیلامی کے ذریعے اپنے اسکواڈز تشکیل دیں گی۔

پی سی بی کے مطابق براہ راست سائننگ کے قواعد کے تحت ہر فرنچائز کو ایسے ایک کھلاڑی سے معاہدے کا اختیار دیا گیا تھا جس نے پی ایس ایل کے دسویں اور گیارہویں ایڈیشن میں حصہ نہ لیا ہو۔

فرنچائزز براہ راست سائن کیےگئے کھلاڑی سمیت زیادہ سے زیادہ 7 کھلاڑیوں کو برقرار رکھ سکیں گی جس کے لیے 13 جنوری 2027 کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔

تمام 7 کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے والی فرنچائز کے لیے گزشتہ نیلامی کی سب سے مہنگی کیٹیگری میں شامل ایک کھلاڑی کو دوبارہ نیلامی کے لیے ریلیز کرنا لازمی ہوگا۔

پی ایس ایل کے بارہویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی 23 جنوری 2027 کو ہوگی۔

ہر فرنچائز کے لیے سیلری کیپ 45 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے تاہم نئی براہ راست سائننگ کرنے یا گزشتہ سیزن میں براہ راست سائن کیے گئےکھلاڑی کو برقرار رکھنے والی فرنچائزز کی سیلری کیپ 50 کروڑ 50 لاکھ روپے تک ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل سیزن 12 کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی کی تاریخ آ گئی

تمام فرنچائزز کے لیےکھلاڑیوں پر کم از کم 36 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کرنا بھی لازمی ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے بارہویں ایڈیشن کا افتتاحی میچ پشاور میں کھیلا جائے گا جبکہ ٹورنامنٹ کے مکمل شیڈول کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کیا جائےگا۔