سکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں کارروائیاں،12دہشتگرد جہنم واصل

راولپنڈی:سکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشنز کے سلسلہ میں 20 نومبر سے بلوچستان کے اضلاع نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیےجن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان کے 12 دہشت گرد ہلاک کر دئیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 20 نومبر کو ضلع نوشکی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائیاں، 22دہشتگرد جہنم واصل

شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان کے 8 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

21 نومبر کو ضلع سبی میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو بروقت روک کر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گرد مارے گئے۔

اسی طرح 22 اور 23 نومبر کو ضلع پنجگور اور کیچ میں ہونے والی دو الگ الگ جھڑپوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر دئیے گئے اور فتنۃ الہندوستان کے مزید 2 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر کا میران شاہ کا دورہ، دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا عزم دہرا دیا

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔