عدالتی حکم پر غیرقانونی اڈوں کے خاتمے پرمافیا کا وزیراعظم کیخلاف پروپیگنڈا

مظفرآباد: آزادجموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کو تجاوزات سے پاک کرنے اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بیلہ نور شاہ میں قائم غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف کارروائی کے بعد مبینہ اڈہ مافیا نے وزیراعظم آزادکشمیر کے خلاف پروپیگنڈا شروع کر دیا۔

موجودہ حکومت کے قیام سے قبل عدالت العالیہ نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو بیلہ نور شاہ میں قائم غیر قانونی اڈوں کے خاتمے کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:مظفر آباد: کرائے کم ہونے کے باوجود ٹرانسپورٹروں کی ہٹ دھرمی جاری

 سڑک کنارے ایک سے ڈیڑھ مرلے کی جگہ پر قائم ان اڈوں کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا تھا جبکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی تھی۔

عدالتی احکامات کی تعمیل میں ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی اڈوں کو سیل کر دیا جس کے بعد مبینہ طور پر اڈہ مالکان کی جانب سے وزیراعظم آزادکشمیر کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے۔

بعض اڈہ مالکان نے جن مقامات کے اجازت نامے حاصل کر رکھے ہیں، وہاں گاڑیاں کھڑی کرنے کے بجائے دو دو دکانوں کو توڑ کر مبینہ طور پر بغیر اجازت راولپنڈی کے لیے ٹرانسپورٹ اڈے قائم کر رکھے ہیں، جو قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد: انتظامیہ کی بڑی کارروائی،متعدد ٹرانسپورٹ اڈے سیل

دوسری جانب شہری حلقوں نے وزیراعظم آزادکشمیر، چیف جسٹس عدالت العالیہ اور چیف سیکرٹری سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ کو مبینہ اڈہ مافیا کی بلیک میلنگ میں آنے کے بجائے قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنی چاہیے۔

شہریوں اور اہل علاقہ کے مطابق بیلہ نور شاہ سے غیر قانونی اڈوں کے خاتمے کے بعد ٹریفک کا نظام بہتر ہوا ہے اور مقامی آبادی نے بھی سکھ کا سانس لیا ہے۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی دونوں غیرقانونی بس اڈے سیل کئے گئے تھےلیکن چند ہی دنوں بعد دوبارہ کھل گئے تھے۔