انتخابی

آزادکشمیر انتخابات کا اہم مرحلہ مکمل، امیدواروں کی حتمی فہرست آج جاری ہوگی

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں انتخابی عمل مقررہ شیڈول کے مطابق جاری ہے۔

آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ گزشتہ روز یعنی 4 جولائی کو شام 5 بجے تک مقرر تھی، جس کے بعد انتخابی میدان میں حصہ لینے والے امیدواروں کی فہرست تقریباً حتمی شکل اختیار کر گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فاروق سکندر انجینئر امیر مقام کی درخواست پر انتخابات سے دستبردار

ترجمان نے بتایا کہ انتخابی شیڈول کے مطابق آج 5 جولائی کو امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کی جائے گی جس سے یہ واضح ہو جائے گا کہ مختلف انتخابی حلقوں سے کون کون سے امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 6 جولائی کو امیدواروں کو ان کے انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔ اسی روز انتخابی نشانات کے ساتھ امیدواروں کی حتمی فہرست بھی جاری کر دی جائے گی تاکہ ووٹرز اور متعلقہ اداروں کو امیدواروں اور ان کے انتخابی نشانات سے آگاہی حاصل ہو سکے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق تمام انتظامات انتخابی قوانین اور ضابطہ اخلاق کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ شفاف، منصفانہ اور پرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔

امیدواروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کریں اور قانون کی خلاف ورزی سے گریز کریں۔

ترجمان نے بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ 27 جولائی کو منعقد ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر الیکشن کمیشن، 24 سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات الاٹ

اس روز ووٹرز اپنے اپنے حلقوں میں قائم پولنگ اسٹیشنز پر جا کر حقِ رائے دہی استعمال کریں گے اور اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے ووٹرز سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لیں اور پرامن ماحول میں اپنا جمہوری حق استعمال کریں۔