عمرہ زائرین کو غیرقانونی رہائش دینے پر 8 کمپنیوں کیخلاف سخت ایکشن

عمرہ زائرین کی رہائش کے معاملے میں ضوابط کی خلاف ورزی پر سعودی وزارت حج و عمرہ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے چار عمرہ سروس کمپنیوں اور چار غیر ملکی ایجنٹس کو معطل کردیا ہے۔

سعودی گزٹ کے مطابق وزارت کا کہنا ہے کہ ان کمپنیوں اور ایجنٹس کی جانب سے عمرہ زائرین کو ایسے مقامات پر ٹھہرایا گیا تھا جو رہائش کے لیے منظور شدہ نہیں تھے۔ اس خلاف ورزی سے متعدد زائرین متاثر ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: 70 سالہ بیٹے اور 90 سالہ والد کی عمرہ کے دوران ہاتھ تھامے چلنے کی ویڈیو وائرل !

وزارت حج و عمرہ نے بتایا کہ کارروائی کے تحت چاروں کمپنیوں اور چاروں ایجنٹس کی خدمات معطل کردی گئی ہیں، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات کے لیے انہیں اس کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے جو زائرین کی شکایات کا جائزہ لیتی ہے۔

کمیٹی تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے خلاف مقررہ قوانین کے مطابق جرمانے اور دیگر سزاؤں کا فیصلہ کرسکتی ہے۔

وزارت نے واضح کیا کہ عمرہ سروس کمپنیوں، خدمات فراہم کرنے والے اداروں اور غیر ملکی ایجنٹس کی نگرانی کا عمل جاری رہے گا۔

 اس مقصد کے لیے زمینی سطح پر معائنے اور ڈیجیٹل نگرانی، دونوں طریقے استعمال کیے جائیں گے تاکہ قواعد کی خلاف ورزیوں کی بروقت نشاندہی کرکے ضروری قانونی کارروائی کی جاسکے۔

وزارت نے سعودی عرب میں کام کرنے والی تمام کمپنیوں اور بیرونِ ملک موجود ایجنٹس پر زور دیا کہ وہ منظور شدہ ضوابط پر عمل کریں اور عمرہ زائرین کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

یہ بھی پڑھیں: حج و عمرہ زائرین اور مسافروں کے لیے نئی پابندی عائد، نادرا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار

وزارت کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی جاری رہے گی۔

یہ اقدامات سعودی وژن 2030 کے تحت زائرین کے تجربے کو بہتر بنانے کے پروگرام کا حصہ ہیں، جس کا مقصد عمرہ زائرین کو بہتر خدمات فراہم کرنا اور ان کے لیے مقررہ انتظامی و عملی معیارات پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔