اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے ان کی رہائشگاہ پر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے رہنما اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و سابق صدر آزاد حکومت سکندر حیات خان کے صاحبزادے فاروق سکندر نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال، آئندہ انتخابات اور پارٹی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے سکندر حیات خان کی کشمیر اور پاکستان کیلئے گراں قدر سیاسی و قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: چند افراد کے طرز عمل کو بنیاد بنا کر پورے پونچھ ڈویژن پر تنقید ناانصافی، امیر مقام
وفاقی وزیر نے فاروق سکندر سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے کی درخواست کی، جس پر فاروق سکندر نے پارٹی مفاد اور وسیع تر سیاسی ہم آہنگی کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ انتخابات سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا۔
انجینئر امیر مقام نے فاروق سکندر کے فیصلے کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ نے پارٹی کیلئے بڑی قربانی دی ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) آپ کے اس جذبے اور قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان شاء اللہ آپ کو کبھی مایوس نہیں کیا جائے گا۔
یاد رہےکہ سابق الیکشن میں سردار فاروق سکندر حلقہ سٹی کوٹلی سے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار تھے۔
ادھر وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے انکی رہائشگاہ پر مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے رہنما و سہنسہ سے امیدوار بریگیڈیئر(ر) لیاقت سجاد نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران امیدوار بریگیڈیئر(ر) لیاقت سجاد نے آئندہ آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدوارراجہ آصف کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر انتخابات،ن لیگ کی حکمت عملی تیار،نوازشریف جلسوں سے خطاب کرینگے
انجینئر امیر مقام نے پارٹی مفاد میں اس فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے اتحاد و یکجہتی کی بہترین مثال قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اجتماعی مفاد کو ذاتی ترجیحات پر فوقیت دینا قابلِ تحسین اقدام ہے۔




