اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر کے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے بھرپور انتخابی مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت لاہور میں ہونے والے اہم اجلاس میں وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام، سینئر مسلم لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق، رانا ثنااللہ، سینیٹر پرویز رشید، صدر ن لیگ آزاد کشمیر شاہ غلام قادر، سیکرٹری جنرل طارق فاروق اور ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:ڈڈیال کی سیاسی صورتحال! پی ٹی آئی کے چوہدری اظہر صادق ن لیگ میں شامل، ٹکٹ ملنے پر تنازع کھڑا ہو گیا
اجلاس میں ریاست میں انتخابی مہم چلانے کے لیے آزاد کشمیر میں وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کو کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا جبکہ مہاجرین مقیم پاکستان کے حلقوں میں یہ ذمے داری خواجہ سعد رفیق کو دی گئی ہے۔
اجلاس میں آزاد کشمیر کی مسلم لیگی قیادت نے مریم نواز کو ریاست کی مجموعی صورت حال سے آگاہ کیا اور الیکشن مہم کے حوالے سے حلقہ وار بریفنگ دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت وفاقی وزرا، ایم این ایز اور ایم پی ایز انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف بھی کسی سرکاری تقریب میں شرکت کے لیے آزاد کشمیر کا دورہ کر سکتے ہیں جہاں کچھ اعلانات کیے جا سکتے ہیں، تاہم وہ انتخابی جلسے سے خطاب نہیں کر سکتے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی سے ناراض ہونے والے رہنماؤں کو منانے کے لیے بھی سینئر رہنماؤں کو ٹاسک دے دیا گیا ہےاور سالار جمہوریت سردار سکندر حیات (مرحوم) کے فرزند فاروق سکندر کو منانے کی ذمے داری طاہرہ اورنگزیب کو دی گئی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کے آزاد کشمیر میں جلسوں سے خطاب کرنے سے ریاست میں ایک انتخابی ماحول بنے گا، جس سے سیاسی عمل بحال ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ ن کو جھٹکا،راجہ عبدالقیوم خان کا آئی پی پی میں شمولیت کا فیصلہ
دوسری جانب آزاد کشمیر میں 27 جولائی کو عام انتخابات کرانے کے لیے الیکشن کمیشن متحرک ہےاور حکومت کی جانب سے فنڈز بھی جاری کردیے گئے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں بروقت انتخابات ہونا ناگزیر ہے، ریاست میں وقت پر انتخابات ہونے سے افراتفری کی فضا بھی ختم ہو جائےگی۔




