مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)پی ٹی آئی رجسٹریشن کیس: سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا، فل بینچ 2 جولائی کو سماعت کرے گا۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر جناب جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر اپیل پر ابتدائی سماعت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی عبوری رجسٹریشن سے متعلق ہائی کورٹ کے 23 جون کے فیصلے کو معطل کر دیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سرکاری ملازمین کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا فیصلہ
سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے لیگل ایڈوائزر طاہر عزیز ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ ہائی کورٹ نے ایسا ریلیف دیا جو درخواست میں طلب ہی نہیں کیا گیا تھا، جبکہ عدالت نے اپنے سابقہ فیصلے سے بھی انحراف کیا جس میں عبوری رجسٹریشن کی گنجائش نہ ہونے کا قرار دیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے خواجہ انصر ایڈووکیٹ اور یاسر سفیر مغل ایڈووکیٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلے کا دفاع کیا، جبکہ حکومت کی نمائندگی ایڈووکیٹ جنرل نے کی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارتی گودی میڈیا اپنی کٹھ پتلی کالعدم ایکشن کمیٹی کو بچانے کیلئے میدان میں آگیا
مختصر سماعت کے بعد چیف جسٹس نے ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے معاملے کی مزید سماعت کے لیے سپریم کورٹ کا فل بینچ تشکیل دے دیا اور آئندہ سماعت 2جولائی 2026 مقرر کر دی۔
واضح رہے کہ ہائی کورٹ نے 23 جون 2026 کو الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کی عبوری رجسٹریشن کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی تھی، جس کے خلاف الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔




