سرکاری ملازمین کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا فیصلہ

میرپور (کشمیر ڈیجیٹل)آزادکشمیر بھر میں سرکاری ملازمین اور انتخابی عملے کی سیاسی سرگرمیوں پرپابندی عائد کردی۔

اس حوالے سے میرپور سمیت آزادکشمیر کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ انتخابی عمل کے دوران مکمل غیر جانبداری اختیار کریں اور کسی بھی سیاسی جماعت یا امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لینے سے گریز کریں۔

ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون کے مطابق سرکاری ملازمین کے لیے سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونا ممنوع ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پانی پر ہاتھ ڈالنے والے کا ہاتھ کاٹ دینگے، پاکستان کی بھارت کو تنبیہ

اس حوالےسے ڈپٹی کمشنر میرپور چوہدری محمد اسلم نے کی جانب سے جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ پابندی کے باوجود بعض سرکاری ملازمین سیاسی سرگرمیوں کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرپور میں اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ بعض سرکاری ملازمین سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع کے ذریعے انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں جو انتخابی ضابطہ اخلاق اور سرکاری ملازمت کے قواعد کے منافی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:چوہدری طارق فاروق کی چیف الیکشن کمشنر سے اپیل، ترقیاتی فنڈز کے انتخابی استعمال کا نوٹس لینے کا مطالبہ

سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ کوئی بھی سرکاری ملازم سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، فیس بک، واٹس ایپ، انسٹاگرام، ایکس (ٹوئٹر) یا دیگر ذرائع ابلاغ پر کسی امیدوار یا سیاسی جماعت کے حق میں تشہیری مواد شیئر، اپ لوڈ یا پروموٹ نہیں کرے گا اور نہ ہی انتخابی جلسوں، کارنر میٹنگز یا مہمات میں شرکت کرے گا۔

ڈپٹی کمشنر چوہدری ساجد اسلم نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی سرکاری ملازم ان ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف انضباطی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ متعلقہ ملازم کو انتخابی ڈیوٹی سے بھی ہٹایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے تمام سرکاری ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ انتخابی عمل کی شفافیت، غیر جانبداری اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں دیانتداری سے انجام دیں۔