ملک میں مون سون بارشوں کے باقاعدہ آغاز کی پیش گوئی،محکمہ موسمیات

سرکاری اعلامیے کے مطابق 30 جون کی شام یا رات سے ایک مغربی لہر ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں، جبکہ خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں 02 جولائی سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے۔ ان موسمی نظاموں کے زیر اثر ملک کے مختلف خطوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوں گی جس سے ملک میں جاری گرمی اور حبس کی شدت میں بتدریج کمی آنے کی توقع ہے۔

کشمیر، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارشوں کا شیڈول:

کشمیر میں 01 سے 06 جولائی کے دوران وادی نیلم، مظفر آباد، راولا کوٹ، پونچھ، بلیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میر پور میں کہیں کہیں پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا میں 01 سے 05 جولائی کے دوران دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، کرک، ٹانک، لکی مروت، صوابی، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، کرم، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، ہنگو، وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں کہیں کہیں پر آندھی، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارش جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان میں 01 سے 05 جولائی کے دوران دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے اور شگر میں وقفے وقفے سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مون سون بارشیں، لینڈ سلائیڈنگ ، طغیانی کا خدشہ،الرٹ جاری

پنجاب، بلوچستان اور سندھ میں موسم کی صورتحال:

پنجاب میں 01 سے 06 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بارش متوقع ہے۔ جبکہ 03 سے 06 جولائی کے دوران ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکپتن، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، اوکاڑہ، قصور، نور پور تھل، بھکر، لیہ، میانوالی، بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفر گڑھ اور راجن پور میں کہیں کہیں پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ بلوچستان میں 01 سے 04 جولائی کے دوران شمالی اور شمال مشرقی اضلاع بشمول ژوب، شیرانی، کوہلو، نصیر آباد، ہرنائی، سبی، بارکھان اور ڈیرہ بگٹی میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ سندھ میں 03 اور 04 جولائی کے دوران سکھر، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد، شہید بینظیر آباد، کشمور، شکارپور، گھوٹکی، خیر پور، قمبر شہداد کوٹ اور نوشہروفیروز میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ممکنہ خطرات، نقصانات اور اربن فلڈنگ کا الرٹ:

محکمہ موسمیات نے ممکنہ اثرات کے حوالے سے خبردار کیا ہے کہ تیز آندھی اور آسمانی بجلی چمکنے کے باعث کمزور تعمیرات جیسے سولر پینلز، بجلی کے کھمبے اور بل بورڈز وغیرہ کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ موسلا دھار بارشوں کے باعث 01 سے 04 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 02 سے 05 جولائی کے دوران کشمیر، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مقامی ندی نالوں اور ڈی جی خان کے پہاڑی برساتی نالوں میں سیلابی صورتحال (فلیش فلڈنگ) پیدا ہونے کا امکان ہے۔ پہاڑی علاقوں یعنی بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں 02 سے 06 جولائی کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ موجود ہے۔

سیاحوں، کسانوں اور اداروں کے لیے احتیاطی تدابیر:

 سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پیش گوئی کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دورانِ سفر انتہائی احتیاط برتیں۔ کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیوں کو ترتیب دیں اور اپنے مویشیوں کی مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنائیں۔متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔ شہری تازہ ترین معلومات کے لیے محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ weather.gov.pk یا پاک ویدر ایپ  کا استعمال کر سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ملک میں آج سے 3 جولائی تک وقفے وقفے سے پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی