آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں یکم جولائی سے طوفانی بارشوں کاالرٹ جاری کردیا گیا ، شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا شدید خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق یکم سے 6 جولائی کے دوران کشمیر، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آزادکشمیر ، گلگت بلتستان ، خیبر پختونخوا ،اسلام آباد ، راولپنڈی اور مری میں مون سون کی طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں جولائی کے پہلے ہفتے کے دوران مون سون بارشوں کا امکان ہے، مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ سے خبردار کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 30 جون کی شام یا رات سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے، بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ 2 جولائی سے خلیج بنگال سے بھی مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں کا رخ کریں گی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 3 اور 4 جولائی کو سندھ کے شہروں سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ اور ملحقہ اضلاع جبکہ یکم سے 4 جولائی کے دوران بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 2 سے 6 جولائی کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ یکم سے 4 جولائی تک اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔




