نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں آج سے لے کر تین جولائی تک وقفے وقفے سے پری مون سون بارشوں کی اہم پیش گوئی جاری کر دی ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کے ساتھ ساتھ شہریوں اور سیاحوں کے لیے بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق ملک میں جاری شدید گرمی اور متوقع پری مون سون بارشوں کے باعث خاص طور پر شمالی علاقوں میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا شدید خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس صورتحال کے نتیجے میں آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اورخیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع و علاقوں میں دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اچانک انتہائی بلند ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات نے یکم جولائی سے ملک بھر میں مون سون سیزن کے باقاعدہ آغاز کی پیشگوئی کر دی
شمالی علاقوں میں مختلف خطرات اور الرٹ:
سرکاری بیان کے مطابق ان موسمی حالات کی وجہ سے گلیشیائی جھیلیں پھٹنے، اچانک سیلاب آنے اور پہاڑی راستوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا بھی شدید خطرہ موجود ہے۔ اسی بنا پر ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، شگر، گانچھے، کھرمنگ، استور، دیامر، اپر و لوئر چترال اور سوات سمیت تمام حساس قرار دیے گئے علاقوں کے مقامی رہائشیوں، وہاں موجود سیاحوں اور مسافروں کو سخت احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سیاحوں اور اداروں کے لیے اہم ہدایات:
این ڈی ایم اے کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ تمام لوگ دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیائی جھیلوں اور دریا کے کناروں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے مکمل طور پر گریز کریں۔ کسی بھی غیر معمولی یا ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ مقامی انتظامیہ کو دی جائے، جبکہ تمام صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کو بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہنے کی سخت ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔




