شادی پر ملنے والا سونا اور تحائف دلہن کی ذاتی ملکیت ہیں: سپریم کورٹ

سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایک اہم مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا ہے کہ شادی کے موقع پر دلہن کو ملنے والے سونے کے زیورات اس کی ذاتی ملکیت ہیں اور شوہر یا سسرال کا ان پر کوئی ملکیتی حق نہیں بنتا۔ عدالتِ عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا ہے کہ دلہن کو اس کے زیورات سے محروم رکھنا اس کے ملکیتی حقوق کی غیرقانونی خلاف ورزی ہے، لہٰذا ایسے زیورات پر شوہر یا سسرال کی جانب سے کسی قسم کا دعویٰ نہیں کیا جا سکتا۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے اس مقدمے کی سماعت کی اور سونے کے زیورات سے متعلق دائر اپیل کو مسترد کرتے ہوئے درخواست کو خارج کر دیا۔ عدالت نے اپنے تفصیلی حکمنامے میں واضح کیا کہ اگر بیوی کو اس کے زیورات واپس نہ کیے جائیں تو وہ ان کی واپسی کے لیے فیملی کورٹ سے رجوع کرنے کا مکمل قانونی حق رکھتی ہے۔ فیصلے میں یہ بھی اہم نکتہ قرار دیا گیا کہ والدین کی جانب سے دلہن کو دیا گیا سونا بھی لازمی طور پر اس کی ذاتی ملکیت تصور ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رجسٹریشن کیس میں بڑی پیش رفت: آزاد کشمیر سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا

فیملی کورٹ کے اختیارات اور برائیڈل گفٹس پر حق:

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ فیملی کورٹ کو بیوی کے ذاتی سامان اور زیورات سے متعلق مقدمات سننے کا مکمل قانونی اختیار حاصل ہے۔ اس کے ساتھ ہی شوہر یا ساس کے خلاف زیورات کی واپسی کا دعویٰ بھی فیملی کورٹ میں مکمل طور پر قابلِ سماعت ہے۔ عدالتِ عظمیٰ نے اپنے حکمنامے میں مزید قرار دیا کہ شادی کے موقع پر دلہن کو ملنے والے برائیڈل گفٹس (عروسی تحائف) بھی اسی کی ذاتی ملکیت ہوں گے۔

تحائف کی ملکیت کا تعین اور خواتین کا مالی تحفظ:

حکمنامے کے مطابق، کسی بھی تحفے کی ملکیت کا تعین اس نیت کی بنیاد پر کیا جائے گا جس کے تحت وہ تحفہ دیا گیا ہو، نہ کہ اس بنیاد پر کہ وہ تحفہ کس کے نام سے منسوب کیا گیا تھا۔ عدالت نے اصول وضع کیا کہ اگر کوئی بھی تحفہ دلہن کے ذاتی استعمال کے لیے دیا گیا ہو تو وہ صرف اور صرف اسی کی ملکیت تصور ہوگا۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں اس معاشرتی اور معاشی حقیقت پر بھی گہرے زور دیا کہ دلہن کو ملنے والے یہ قیمتی زیورات اور تحائف اکثر خواتین کے لیے مالی تحفظ اور ان کی خودمختاری کا ایک انتہائی اہم اور بنیادی ذریعہ ہوتے ہیں۔

مزید پڑھیں: کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا عمل غداری کے مترادف ہے، صدرسپریم کورٹ بار ایسوسی