سپریم کورٹ

پی ٹی آئی رجسٹریشن کیس: سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا

مظفرآباد: چیف جسٹس سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر جناب جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر کردہ اپیل پر ابتدائی سماعت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی عبوری رجسٹریشن سے متعلق ہائی کورٹ کے 23 جون کے فیصلے کو باقاعدہ طور پر معطل کر دیا ہے۔ اس اہم ترین عدالتی فیصلے کے بعد آزاد کشمیر کی سیاسی و قانونی صورتحال میں ایک نیا موڑ آ گیا ہے۔

عدالتی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے لیگل ایڈوائزر طاہر عزیز ایڈووکیٹ نے عدالت کے سامنے اپنا مؤقف اختیار کیا کہ ہائی کورٹ نے ایسا ریلیف فراہم کیا ہے جو اصل درخواست میں طلب ہی نہیں کیا گیا تھا، جبکہ عدالت نے اپنے سابقہ فیصلے سے بھی واضح انحراف کیا جس میں عبوری رجسٹریشن کی کوئی گنجائش نہ ہونے کا قرار دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا عمل غداری کے مترادف ہے، صدرسپریم کورٹ بار ایسوسی

فریقین کے دلائل اور ہائی کورٹ کا فیصلہ:

دوسری جانب پی ٹی آئی کی نمائندگی کرتے ہوئے خواجہ انصر ایڈووکیٹ اور یاسر سفیر مغل ایڈووکیٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلے کا دفاع کیا، جبکہ حکومت کی نمائندگی ایڈووکیٹ جنرل نے کی۔ اس مختصر سماعت کے بعد چیف جسٹس نے ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے معاملے کی مزید سماعت کے لیے سپریم کورٹ کا فل بینچ تشکیل دے دیا اور آئندہ سماعت 2 جولائی 2026 مقرر کر دی ہے۔

واضح رہے کہ ہائی کورٹ نے 23 جون 2026 کو الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کی عبوری رجسٹریشن کے لیے فوری اقدامات کرنے کی سخت ہدایت کی تھی، جس کے خلاف الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر اب فل بینچ سماعت کرے گا۔

مزید پڑھیں: نادرا نے شناختی کارڈ پر گھر کا پتہ تبدیل کرانے کا انتہائی آسان طریقہ کار جاری کر دیا