پاکستانی کرکٹر اور وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کے انتقال سے متعلق جعلی خبر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، خبر سنتے ہی قومی کرکٹر نے اس پر دلچسپ انداز میں ردعمل دیا۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں اعظم خان کو اپنے انتقال کی خبر سنتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جس پر ان کا ردعمل صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ہاکی کے عظیم کھلاڑی، سابق کپتان اور اولمپین خالد محمود انتقال کر گئے
وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے اپنی موت سے متعلق گردش کرنے والی جعلی خبر پر طنزیہ انداز میں ردعمل دیا۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں اعظم خان اپنے دوستوں کے ہمراہ فیک نیوز پر ہنستے نظر آتے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ وہ اچھا کھلاڑی تھابیچارہ۔ ایک دن پاکستان کے لیے کھیلنے والا تھا۔
سوشل میڈیا پر معروف شخصیات کے حوالے سے جھوٹی خبریں اور جعلی ویڈیوز سامنے آنا کوئی نئی بات نہیں، جبکہ مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی ویڈیوز اور تبدیل شدہ ویڈیو کلپس کی وجہ سے اصل اور جعلی مواد میں فرق کرنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
Azam khan Instagram story.
Azam khan watching his own fake death News https://t.co/yr1W7ifhj9— Rehan 56 (@imrehan056) September 28, 2026
گزشتہ چند ماہ کے دوران پاکستانی شوبز اور دیگر معروف شخصیات کی موت سے متعلق بھی ایسی جھوٹی خبریں گردش کرتی رہی ہیں۔
28 سالہ اعظم خان نے آخری مرتبہ 6 جون 2024 کو امریکی شہر ڈیلاس میں امریکی ٹیم کے خلاف ٹی 20ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ وہ پاکستان کی جانب سے اب تک 14 ٹی 20انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے 88 رنز بنائے ہیں۔
اعظم خان اس دوران ڈومیسٹک کرکٹ میں سرگرم رہے اور 2026 کی پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کی نمائندگی کی۔
یہ بھی پڑھیں: آپریشن سندور میں بھارتی فوج کا 15 فیصد وقت جعلی خبروں اور پروپیگنڈے میں ضائع، جنرل انیل چوہان کا اعتراف
فروری 2026 میں ہونے والی پہلی پی ایس ایل نیلامی میں کراچی کنگز نے انہیں 3.25 کروڑ پاکستانی روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا۔ اعظم خان نے ایونٹ میں راولپنڈی کے خلاف 74 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
کراچی کنگز نے آئندہ پی ایس ایل سیزن کے لیے بھی اعظم خان کو برقرار رکھا ہے اور 2026 کی نیلامی کے بعد جاری کردہ اسکواڈ میں ان کا نام شامل ہے۔




