صدر

پیپلزپارٹی نے 8 حلقوں کے ٹکٹ کیوں روکے؟ اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی نے آزادکشمیر انتخابات کیلئے35حلقوں کے ٹکٹ جاری کردیئے ہیں،2حلقوں میں جے یو آئی(ف) سے اتحاد کیا گیا ہے جبکہ8حلقوں کے ٹکٹ مختلف عوامل کی وجہ سے روک لئے گئے ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے جن حلقوں کے ٹکٹ روکے گئے ہیں ان میں ان میں ایل اے6سماہنی، ایل اے 7بھمبر،ایل اے 13کھوئیرٹہ،ایل اے15وسطی باغ،ایل اے 22پاچھیوٹ،ایل اے 25اپر نیلم اور ایل اے 31کھاوڑہ مظفرآبادشامل ہیں جبکہ مہاجرین کے حلقہ ایل اے42کا ٹکٹ بھی روکا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات : پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے جیالے انتخابی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا

ذرائع کے مطابق ایل اے7بھمبر سے کسی بھی امیدوار نے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ کیلئے اپلائی ہی نہیں کیا جبکہ ایل اے6سماہنی میں حال ہی میں پیپلزپارٹی میں شامل ہونیوالےعلی شان سونی نے بھی پیپلزپارٹی کا ٹکٹ نہیں لیا وہ آزادحیثیت سے الیکشن لڑیں گے۔

ایل اے 13کھوئیرٹہ سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ کے 4تگڑے امیدوار میدان میں موجود تھے جسکی وجہ سے ٹکٹ فی الحال روک لیا گیا ہے، وزیر اطلاعات رفیق نیئر، سابق وزیر حکومت مطلوب انقلابی مرحوم کے فرزندولید انقلابی، سابق ایڈمنسٹریٹر عبدالقیوم قمر اور عامر بشیر انقلابی ٹکٹ کے امیدوار ہیں۔

گوجر بردار ی کے زعما نے مشترکہ طور رفیق نیئرکی حمایت کا اعلان کیا تھا اس کے بعد ہی ان کی پیپلزپارٹی میں شمولیت ہوئی تھی لیکن ذرائع کا کہنا ہے ولید انقلابی نے بھی ٹکٹ کیلئے تگ ودو کی ہے دوسری طرف عامربشیر انقلابی نے بھی پی پی کی اہم شخصیت کی سفارش لڑائی ہےجس کی وجہ سے قیادت فیصلہ نہیں کرسکی اور یہ فیصلہ بلاول بھٹو زرداری پر چھوڑا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق زیادہ امکانات یہی ہیں کہ یہاں ٹکٹ رفیق نیئر کو ہی جاری کیا جائیگا کیونکہ وہ سینئروتجربہ کار سیاستدان ہونے کےساتھ سب سے زیادہ ووٹ بینک رکھتے اور کامیابی کی پوزیشن میں بھی ہیں، اس لئے قیادت کی جانب سے ولید انقلابی کو ایڈجسٹمنٹ کرنے کی یقین دہانی کرائی جائیگی۔

ایل اے15وسطی باغ،ایل اے 22پاچھیوٹ،ایل اے 25اپر نیلم میں سردار تنویر الیاس کی وجہ سے ٹکٹ روکے گئے ہیں، ذرائع کے مطابق سردار تنویر الیاس کا کہنا ہے کہ وسطی باغ سمیت دو حلقوں سے ٹکٹ دیا جائے جبکہ پیپلزپارٹی قیادت نے انہیں وسطی باغ سے ٹکٹ دینے سے انکار کردیا جائے۔

پیپلزپارٹی قیادت کا موقف ہے کہ جیالے رہنماضیاء القمر کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا لہذا سردار تنویر الیاس کو آپشن دیا گیا ہے کہ وہ کزن احمد صغیر کو منا لیں اور پاچھیوٹ اور اپر نیلم دونوں حلقوں سے پارٹی ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لے لیں۔

سردار تنویر الیاس راولاکوٹ شہر سے بھی ٹکٹ کے خواہشمند تھے لیکن وہاں پر پی پی قیادت نے سردار عابد حسین عابد کو ٹکٹ جاری کردیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے کئی اہم رہنمائوں نےگزشتہ روزسردار تنویر الیاس سے ملاقاتیں کی ہیں اور انہیں منانے کی کوشش کی ہے، ذرائع کے مطابق سردار تنویر الیاس وسطی باغ کے حلقہ پر ڈٹے ہوئے ہیں اور پارٹی قیادت بھی نہیں مان رہی ہے۔

سردار تنویر الیاس کےایک مشیر نے ٹکٹ پینڈنگ رکھنے پر کہا ہے کہ ہمیں انڈاسٹیمیٹ کیا گیا ہے، ہمیں کسی ٹکٹ کی ضرورت نہیں،جلد ہی اپنے لائحہ عمل سے پارٹی قیادت کو آگاہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات: پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کا باضابطہ سیاسی اتحاد کا اعلان

ذرائع کے مطابق سردار تنویر الیاس کے پاس استحکام پاکستان پارٹی کا آپشن بھی موجود ہے وہ اپنے قریبی رفقا سے مشاورت کررہے ہیں اور ایک دو دن میں فیصلہ متوقع ہے۔

ایل اے 31کھاوڑہ مظفرآبادمیں ٹکٹ قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر روکا گیا ہے اور عدالتی فیصلہ آنے پر ممکنہ طور پر ٹکٹ چوہدری لطیف اکبر کو ہی جاری کیا جائیگا یا ان کی مرضی سے ہی کسی کو ملے گا۔