استحکام پاکستان پارٹی نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے اور اپنے امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اہم رہنمائوں کی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت متوقع ہے۔
استحکام پاکستان پارٹی کے اجلاس میں سیکرٹری جنرل آئی پی پی میاں خالد محمود، صدر پنجاب رانا نذیر احمد خان اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی، جہاں آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان حکومت سازی، پیپلزپارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی سے اتحاد کا فیصلہ
اجلاس میں انتخابی حکمتِ عملی پر مشاورت کے بعد سفارشات پارٹی صدر عبدالعلیم خان کو پیش کر دی گئیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں آئی پی پی اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔
میاں خالد محمود اور رانانذیر احمد خان نے کہا کہ پنجاب کی 12 مہاجر نشستوں پر بھی مضبوط امیدوار لائیں گے۔
اجلاس میں شعبہ خواتین سمیت تمام پارٹی عہدیداروں کو آزاد کشمیر کے لئےانتخابی تیاریاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔
سیکرٹری جنرل و صوبائی صدر آئی پی پی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے بعد کشمیر کی وادیوں میں عقاب کی بلند پرواز ہو گی۔
پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ عوام ہر جگہ صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان اور پارٹی منشور پر اعتماد کا اظہار کریں گے۔ میاں خالد محمود اور رانا نذیر احمد خان نے کہا کہ کشمیر میں کامیابی سے استحکام پاکستان پارٹی کو ملک گیر جماعت بنائیں گے۔
اجلاس میں پارٹی صدر عبدالعلیم خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا اور حالیہ کامیابیوں پر مبارکباد کی قرارداد بھی منظور کی گئی ۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر انتخابات،1265 امیدوار میدان میں آگئے، آج سے کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگی
یاد رہے کہ استحکام پاکستان پارٹی نےگلگت بلتستان کے الیکشن میں حصہ لیا تھا لیکن انتخابات میں کوئی سیٹ نہیں جیت سکی تھی لیکن 5آزادارکان کو شامل کرکے2مخصوص نشستیں بھی حاصل کی ہیں۔
آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم سمیت اہم شخصیات کی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت متوقع ہےاور ن لیگ، پیپلزپارٹی کے ناراض رہنما بھی پارٹی میں شامل ہو سکتے ہیں۔




