محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسم کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے نئی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے، جس سے گرمی کا زور ٹوٹنے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مجموعی طور پر موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم کشمیر میں آج اور کل گرج چمک کے ساتھ بارش کا قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
آج منگل کے روز ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، لیکن دوپہر کے اوقات میں بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب کے چند مقامات پر اچانک تیز آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔ بدھ کے روز بھی ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، تاہم کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں دوپہر کے وقت چند مقامات پر بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں آج موسم گرم رہے گا جبکہ دوپہر کے وقت آسمان پر جزوی طور پر بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بارشوں کا شیڈول:
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی آئندہ دو روز کے دوران موسم گرم اور خشک متوقع ہے، تاہم آج منگل کے روز وہاڑی، پاکپتن، اوکاڑہ، لاہور، قصور، فیصل آباد اور ساہیوال میں چند مقامات پر تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اسی طرح بدھ کے روز مری، گلیات، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا، فیصل آباد اور خانیوال میں بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں بارش سے موسم خوشگوار، این ڈی ایم کاہائی الرٹ جاری
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، لیکن صوبے کے بالائی اضلاع بشمول دیر، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد اور پارا چنار میں منگل کے روز چند مقامات پر بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔ اس کے برعکس سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں دونوں روز موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ ساحلی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ بدھ کے روز سندھ کے بالائی و وسطی اضلاع اور بلوچستان کے وسطی علاقوں میں شدید گرمی پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
کشمیر، گلگت بلتستان اور گزشتہ 24 گھنٹوں کی صورتحال:
کشمیر میں منگل اور بدھ کو جزوی طور پر ابر آلود موسم رہنے کے ساتھ ساتھ چند مقامات پر بارش اور گرج چمک کا امکان برقرار ہے جبکہ گلگت بلتستان میں موسم جزوی ابر آلود اور خشک متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، بالائی و جنوبی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا کے مشہور سیاحتی مقام مالم جبہ میں 55 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ باجوڑ کے پاشات میں 27 ملی میٹر، خار میں 14 ملی میٹر اور دیر میں 14 ملی میٹر بارش ہوئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے گولڑہ کے علاقے میں بھی 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔




