نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں موسمی الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہوائیں، آندھی، شہری سیلاب اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے پیدا ہونے والے سیلابی خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر(این ای او سی) کے مطابق موجودہ موسمی نظام اس موسمی پیش گوئی کے مطابق ہے جو 3 سے 4 ماہ قبل جاری کی گئی تھی۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان اورخیبر پختونخوا کے حساس پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
حکام کے مطابق ایسے واقعات ندی نالوں میں طغیانی، مٹی کے تودے گرنے اور ملبے کے بہاؤ کا سبب بن سکتے ہیں۔
آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
متاثر ہونے والے علاقوں وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، کوٹلی، پونچھ، ہٹیاں، میرپور ،بھمبر،میں گلگت، سکردو، دیامر، استور، غذر، ہنزہ، گانچھے اور شگر شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور گرد آلود طوفانوں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اگلے 24 گھنٹے اہم: این ڈی ایم اے کاملک کے بیشتر حصوں میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری
متاثر ہونے والے شہروں میں راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، گجر خان، گجرات، جہلم، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، فیصل آباد، خوشاب، جھنگ، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان شامل ہیں۔
خیبر پختونخوا کے چترال، دیر، سوات، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، چارسدہ، پشاور، کوہاٹ، پاراچنار، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان کے تربت، کیچ، آواران، خضدار اور ژوب میں بھی بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
دوسری جانب سندھ کے جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، گھوٹکی، کشمور، شکارپور، شہید بینظیر آباد اور کراچی میں تیز ہواؤں، گرد آلود طوفانوں اور کہیں کہیں بارش کی توقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی اور ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
حکام نے سیاحوں اور مسافروں کو شدید بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
شمالی علاقوں کا رخ کرنے والے افراد کو مشورہ دیا گیا ہے کہ روانگی سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں، کیونکہ سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور ملبے کے باعث سڑکیں بند ہونے کا خدشہ موجود ہے۔




