ایرانی صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ اہم دورے پر پاکستان پہنچ گئے

ایرانی صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان آمد پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے طیارے نے اسلام آباد کے نور خان ائیربیس پر لینڈ کیا، جہاں ان کا انتہائی شاندار اور والہانہ استقبال کیا گیا۔

نور خان ائیر بیس پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ذاتی طور پر موجود ہو کر ایرانی صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس اہم ترین دورے کو خطے کی موجودہ صورتحال اور پاک ایران دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں انتہائی کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایرانی صدر مسعود پزشکیان کادرہ پاکستان ،استقبال کی تیاریاں

شہید بچوں سے منسوب طیارہ اور دورے کے اہم مقاصد:

ایک اہم اور منفرد پہلو یہ ہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان جس خصوصی طیارے پر پاکستان کے دورے پر آئے ہیں، اس کا نام ’میناب‘ رکھا گیا ہے۔ یہ نام ایران میں ایک اسکول پر ہونے والے حملے کے دوران شہید ہونے والے معصوم بچوں کے نام پر مخصوص کیا گیا ہے، جو کہ ایک گہرا علامتی پیغام رکھتا ہے۔

ایرانی حکام کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، ایرانی صدر کے اس ایک روزہ دورے کا بنیادی اور اہم مقصد امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے اور ثالثی کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی مخلصانہ کوششوں کو سراہنا ہے۔ اپنے اس مختصر اور انتہائی مصروف دورے کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان ثالثی کا مثبت کردار ادا کرنے پر وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے خصوصی ملاقات کریں گے اور اس سلسلے میں ان کا باقاعدہ شکریہ بھی ادا کریں گے۔