پیٹرول اور ڈیزل کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی بڑی کمی

اسلام آباد: پیٹرول اور ڈیزل کے بعد مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں بڑی کمی کردی گئی۔نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 48 روپے 29 پیسے کمی کی گئی ہے۔

مٹی کے تیل کی نئی قیمت233 روپے 90 پیسےفی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔ قیمت میں کمی کا اطلاق آج سے کیا گیا ہے۔پہلے مٹی کے تیل کی قیمت 282 روپے 19پیسے فی لیٹر تھی۔

قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کیا تھا

وزیر اعظم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے، ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے کمی کی جارہی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جو وعدہ قوم سے کیا تھا، الحمدللہ وہ پورا کرنے جا رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے پرآجائےگی، جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے پر آ جائے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے، عوام نےمشکل صورتحال میں صبروتحمل کا بےمثال مظاہرہ کیا، مشکل حالات میں حکومت کا ساتھ دینے پر ہم عوام کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پٹرول74روپے ، ڈیزل 67روپے کمی کا اعلان، فائدہ قوم کو پہنچے گا، وزیراعظم شہبازشریف

دوسری جانب پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 74روپے28پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 299 روپے 50 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے 31 پیسے فی لیٹر کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔

ادھرپیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 40 روپے 49 پیسے کم کر دی گئی۔ذرائع کے مطابق پیٹرول پر لیوی 106 روپے 74 سےکم کر کے 66 روپے 25 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ڈیزل پر لیوی 19 روپے 71 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے ۔ ڈیزل پر لیوی 53 روپے 26 پیسے سے بڑھا کر 72 روپے 97 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول اورڈیزل دونوں پر لیوی اوسطاً 80 روپے سے کم پر آگئی ہے ۔ پیٹرول اور ڈیزل پر مجموعی لیوی 139 روپے 22 پیسے فی لیٹر ہے۔