اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا پاکستان کی ثالثی کی بدولت خطے و عالمی امن کے قیام کے بعد تیل کی قیمتوں کے حوالے سے اہم بیان
وزیراعظم شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں معاشی صورتحال میں بہتری آنے اور تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام کی جانب منتقل کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو وعدہ قوم سے کیا تھا، الحمدللہ وہ پورا کرنے جا رہے ہیں۔ پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے کمی کی جارہی ہے۔
اس طرح پٹرول کی فی لیٹر قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299روپے پر آ جائے گی اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے پر آ جائے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات: کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل جاری، 45 حلقوں سے 475 امیدوار میدان میں
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے، آپ نے مشکل صورتحال صبر و تحمل کا بے مثال مظاہرہ کیا۔ ان مشکل حالات میں حکومت کا ساتھ دینے پر ہم عوام کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس بحران کے آغاز سے ہی ہم نے اپنے وسائل سے تیل کی قیمتوں میں جس قدر ہو سکا کمی لانے کی کوشش کی۔
وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ سے اور کفایت شعاری سے کی گئی بچت کے ذریعے 129 ارب استعمال کرکے ملک بھر کے عوام کو تیل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے سے ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ خطے کی معاشی صورتحال کے دوران جب کچھ ممالک میں فیول راشننگ جیسے اقدامات لیے جا رہے تھے، حکومت پاکستان کی بہتر منصوبہ کی بدولت توانائی کا بحران نہیں آیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ موثر اقدامات کی بدولت ، نہ کوئی لائن لگی، نہ لمبی قطاریں لگیں، اور نہ ہی عوام کو کسی قسم کی پیٹرولیم مصنوعات کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 14,900 روپے کی بڑی کمی
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کے لیے وفاق اور صوبوں نے مکمل تعاون کیا جس کے لیے میں صوبائی وزرائے اعلی کا شکر گزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہجس قدر ممکن ہوا عوام کو عالمی مہنگائی کی لہر سے محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں جو کمی آئے گی وہ من و عن عوام کو منتقل کررہے ہیں۔
معاشی استحکام برقرار رکھنے اور مہنگائی میں مزید کمی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھیں گے۔ بحران کے پورے عرصے میں نہ صرف حکومتی سطح پر کفایت شعاری کو اپنایا گیا بلکہ ریلیف کی مد میں محروم طبقات کو سبسڈی بھی فراہم کی گئی۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اللہ کے فضل سے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال میں پاکستان کی ثالثی کی بدولت امن ممکن ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت بخشی اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، جو ایک تاریخی دستاویز ہے۔ اللہ تعالیٰ نے یہ عزت و اکرام اپنی کمال مہربانی سے تمام پاکستانیوں کو عطا فرمایا۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر خصوصی مبارک باد کے مستحق ہیں جن کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کی بدولت یہ امن معاہدہ ممکن ہوا۔ نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور حکومت پاکستان کی پوری ٹیم جو امن کی ان کوششوں میں خلوص نیت کے ساتھ سرگرم عمل رہی، کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں، وزیراعظم
اس کے علاوہ معاشی ٹیم، جن میں وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری پیٹرولیم اور چیئرمین ایف بی آر شامل ہیں، نے معاشی بحران میں قابل قدر کوششیں کیں، جو قابل ستائش ہیں۔



